Live Updates

گواسکر نے عمران کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت سے معذرت کر لی

عمران خان نے گواسکر کے علاوہ کپل دیو اور نوجوت سدھو کو بھی دعوت نامہ بھجوایا تھا

ہفتہ 11 اگست 2018 18:13

گواسکر نے عمران کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت سے معذرت کر لی
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2018ء) سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر نے عمران خان کے بحیثیت وزیراعظم پاکستان حلف اٴْٹھانے کی تقریب میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔عمران خان نے گواسکر کے علاوہ کپل دیو اور نوجوت سدھو کو بھی دعوت نامہ بھجوایا تھا۔سدھو نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ اور کپل دیو پاکستان آ رہے ہیں ،ْ سنیل گواسکر نے اپنی مصروفیات کے سبب عمران خان کی تقریب ِ حلف برداری میں شریک ہونے سے معذرت کی ہے۔

سابق بھارتی کپتان نے ’انڈیاٹوڈے‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ٹیلی فون پر عمران خان کو ان کی کامیابی پر مبارک باد پیش کی ہے تاہم اپنی مصروفیات کے باعث پاکستان جانے سے معذوری ظاہر کی ہے۔انہیں 18اگست کو بھارت اور انگلینڈ کے میچ کے دوران وہاں موجود ہونا ہے۔

(جاری ہے)

گواسکر کے مطابق ایک کرکٹر کے طور پر عمران خان کئی بار بھارت آ چکے ہیں ،ْوہ بھارت کو بہت زیادہ جانتے ہیں اور توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ دونوں ملکوں میں تعلقات کے فروغ میں مثبت کردار ادا کریں گے۔

نوجوت سدھو نے اس بات کی تصدیق کی کہ انہیں عمران خان کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کا دعوت نامہ مل گیا ہے۔بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کپل دیو نے بھی تصدیق کر دی ہے کہ انہیں بھی دعوت نامہ موصول ہو گیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بھیجے گئے دعوت نامے میں لکھا گیاکہ ’’چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی وزیراعظم پاکستان کی حیثیت سے حلف برداری کی تقریب میں آپ کو مدعو کرنا انتہائی مسرت کا باعث ہے۔حلف برداری کی یہ تقریب ہفتہ 18اگست 2018ء کو اسلام آباد میں ہو گی۔اس تاریخی موقع پر آپ کی موجودگی باعث افتخار ہو گی‘‘۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات