کیریبئن پریمئر لیگ کے دوران نازیبا اشارے کرنے پر قومی فاسٹ بولرسہیل تنویر کو تنقید کا سامنا

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر آئی سی سی کی جانب سے سہیل تنویر پر جرمانہ اور پابندی عائد کیے جانے کا امکان

ہفتہ 11 اگست 2018 18:13

کیریبئن پریمئر لیگ کے دوران نازیبا اشارے کرنے پر قومی فاسٹ بولرسہیل ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2018ء) کیریبئن پریمئر لیگ کے دوران نازیبا اشارے کرنے پر قومی فاسٹ بولرسہیل تنویر کو تنقید کا سامنا کر نا پڑا۔یہ واقعہ پہلی اننگ کے 17 ویں اوور میں پیش آیا جب سہیل تنویر آسٹریلوی کھلاڑی کو گیند کرا رہے تھے ،ْگیانا واریئرز کی نمائندگی کرنے والے سہیل تنویر کو آسٹریلوی کھلاڑی اور سینٹ کٹس کے بلے بازبین کٹنگ نے ایک گیند پر چھکا مارا مگر دوسری ہی گیند پر سہیل نے انہیں آئوٹ کرنے کے بعد نازیبا اشارہ کیا۔

(جاری ہے)

ان کی اس حرکت کو وہاں لگے کیمروں نے بھی محفوظ کیا ،ْاس میچ میں سہیل تنویر کی ٹیم 6 وکٹوں سے فاتح رہی تاہم سوشل میڈیا پر ان کی اس حرکت پر ایک طوفان کھڑا ہو گیا۔ سہیل تنویر کے اس عمل کو ناپسندیدگی اور تنقید کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے ،ْتنویر پر سب سے پہلے تنقید کرنے والے آسٹریلوی اوپنر کرس لائن تھے جو لیگ میں ٹرینیباگو نائٹ رائڈرز کی جانب سے کھیل رہے ہیں ،ْبعد ازاں مزید کھلاڑیوں نے بھی اس حرکت پر کڑی تنقید کی۔ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر آئی سی سی کی جانب سے سہیل تنویر پر جرمانہ اور پابندی عائد کیے جانے کا امکان ہے۔