غیرمسلم بھی پاکستان میں برابر کے شہری ہیں،دستورِ پاکستان کے ساتھ ساتھ پیپلز پارٹی بھی اقلیتوں کے حقوق کی ضامن ہے، بلاول بھٹوزرداری

ملک میں پہلی بار 3اقلیتی امیدواران کو پیپلز پارٹی نے جنرل نشستوں کیلئے ٹکٹ دیئے،پیپلز پارٹی قائداعظم کے نظریئے کی حقیقی علمبردار ہے،اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پرچیئرمین پیپلزپارٹی کا پیغام

ہفتہ 11 اگست 2018 19:50

غیرمسلم بھی پاکستان میں برابر کے شہری ہیں،دستورِ پاکستان کے ساتھ ساتھ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہاہے کہ غیرمسلم بھی پاکستان میں برابر کے شہری ہیں، دستورِ پاکستان کے ساتھ ساتھ پیپلز پارٹی بھی اقلیتوں کے حقوق کی ضامن ہے کیونکہ وہ ہی نظریہ پاکستان کی حقیقی وارث ہے۔اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ملک میں پہلی بار 3اقلیتی امیدواران کو پیپلز پارٹی نے جنرل نشستوں کے لیئے ٹکٹ دیئے۔

نومنتخب ایم این اے ڈاکٹر مہیش ملانی جنرل نشست پر منتخب ہونے والے پہلے غیرمسلم رکن ہیں۔ہری رام کشوری لال اور گیان چند ایسرانی بھی سندھ اسمبلی کی جنرل نشستوں پر منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سینیٹ میں غیرمسلموں کے لیئے 4 نشستیں پیپلز پارٹی نے ہی مخصوص کروائیں تھیں۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی نے تین غیرمسلم سنیٹرز کو منتخب کروایا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ سنیٹر گیان چند اور سنیٹر کرشنا کولہی جنرل نشستوں پر منتخب ہوئے، جن کا تعلق پسماندہ برادریوں سے ہے جبکہ پارٹی کے مسیحی کارکن انور لال ڈین سندھ سے اقلیتوں کی مخصوص نشست پر سینیٹر منتخب ہوئے ہیں۔

آنے والی نئی سندھ اسمبلی میں فقط ایک مسیحی ایم پی اے انتھونی نوید ہوگا، جس کا تعلق بھی پیپلز پارٹی سے ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں فخر ہے، 1994میں شہید بی بی سندھ میں اقلیتی امور کے لیئے ایک مکمل وزارت کا قیام عمل میں لائیں۔گذشتہ 24 سالوں میں کسی دوسرے صوبے نے اقلیتی امور کی وزارت قائم نہیں کی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ حال ہی میں قانون بننے والا سندھ ھندو میریج بل بھی پیپلز پارٹی کی گزشتہ صوبائی حکومت نے اسمبلی سے منظور کروایا۔

2009میں صدر آصف علی زرداری نے 11 اگست کو ہر سال بطور اقلیتوں کا قومی دن منانے کا اعلان کیا۔اس تاریخ کا انتخاب قائداعظم کی مشہورِ زمانہ تقریر کے پس منظر میں کیا گیا۔11 اگست 1947میں کی گئی اس تقریر میں قائد اعظم نے کہا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہونگے۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی ملک کے بانی اجداد کے نظریئے کے مطابق مساوات کے لیئے سرگرم عمل رہے گی تاکہ پاکستان میں کوئی بھی شہری رنگ، نسل، مذہب اور برادری کی بنیاد پر امتیازی سلوک کا شکار نہ ہو۔پیپلز پارٹی قائداعظم کے نظریئے کی حقیقی علمبردار ہے