بلدیہ عظمیٰ کراچی باسکٹ بال کے حوالے سے انٹر ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کرائے گی،ڈاکٹرسید سیف الرحمن

ہفتہ 11 اگست 2018 19:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2018ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی باسکٹ بال کے حوالے سے انٹر ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کرائے گی، یہ ہمارا کام ہے کہ شہری مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ شہریوں کے لئے مختلف کھیلوں کی سرگرمیاں ، تفریح کے مواقع، کھیل کے میدان اور ہرے بھرے باغات بھی فراہم کریں تاکہ لوگ اپنی فیملی کے ہمراہ ان سہولتوں سے استفادہ کرسکیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ وہ ادارے اور افراد جو کھیلوں میں دلچسپی رکھتے ہیں وہ آگے آئیں اور شہر میں کھیل و ثقافت کی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کا ہاتھ بٹائیں، باسکٹ بال کے کھیل کو فروغ دینے کے حوالے سے ہمارے ملک میں بہت زیادہ سہولیات میسر نہیں ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ کراچی میں جدید سہولیات سے آراستہ باسکٹ بال کے لئے جگہ فراہم کی جائے جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے زیر انتظام باسکٹ بال کورٹس کو اپ گریڈ کرے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ کلچر اینڈ اسپورٹس کے زیراہتمام آرام باغ باسکٹ بال کورٹ میں جشن آزادئ کے حوالے سے منعقدہ باسکٹ بال کے مقابلوں کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، باسکٹ بال کے مقابلو ںمیں چار ٹیموں قائد اعظم الیون، علامہ اقبال الیون، شہید ملت الیون اور سردار عبدالرب نشتر الیون نے حصہ لیا جبکہ فائنل میچ کی فاتح ٹیم قائد اعظم الیون قرار پائی جس نے 33 پوائنٹس حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کرلیا جبکہ علامہ اقبال الیون 27 پوائنٹس حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہی، میچ میں ریفری کے فرائض سابقہ ممتاز کھلاڑیوں پروفیسر ظفر اقبال، عامر شریف اور طارق حسین نے انجام دیئے، تقریب میں کھیلوں سے وابستہ کئی معروف شخصیات نے شرکت کی، مہمان خصوصی میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منتظمین مبارکباد کے حقدار ہیں کہ انہوں نے جشن آزادی کے حوالے سے مختلف کھیلوں کو شامل کیا ہے جس میں نئے ٹیلنٹ کو حصہ لینے کا بھرپور موقع مل رہا ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی میں بہت زیادہ باصلاحیت نوجوان رہتے ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم انہیں تعمیری اور صحت مندانہ سرگرمیوں کے لئے بھرپور مواقع فراہم کریں، انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں جدید ٹیکنالوجی بہت آگے بڑھ چکی ہے اور اب کھیل صرف کھیل نہیں رہے بلکہ مہارت اور ٹیکنیک ان میں شامل ہوچکی ہے لہٰذا آج کے دور میں وہی کھلاڑی آگے بڑھ رہے ہیںجو اپنی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مہارت کے ساتھ کھیلوں میں حصہ لیتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ملکی سطح پر بھی کھیلوں کے فروغ کے لئے بہت زیادہ کوششوں کی ضرورت ہے ہمیں اپنے ہر علاقے اور یوسی کی سطح پر گرائونڈز کی حالت زار کو بہتر بنانا ہے، میئر کراچی وسیم اختر کا بھی یہ عزم ہے کہ کراچی کے شہریوں کو اچھے ماحول کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی بھرپور سرگرمیوں کے لئے زیادہ سے زیادہ اور سہولیات سے آراستہ عمدہ گرائونڈزفراہم کئے جائیں، انہوں نے کہا کہ آرام باغ باسکٹ بال کورٹ کو مزید بہتر بنایا جائے گا جبکہ یہاں بیٹھنے کی نشستوں کو بہتر کیا جائے گا۔