طالب علم کی جگہ خود امتحان دینے پر استاد گرفتار

ہفتہ 11 اگست 2018 20:28

طالب علم کی جگہ خود امتحان دینے پر استاد گرفتار
ْبوجمبورا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2018ء) افریقی ملک برونڈی میں طالب علم کی جگہ خود امتحان دینے پر استاد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر کمرہ امتحان پر چھاپا مارا تو وہاں ہیڈ استاد بیٹھے امتحان دے رہے تھے۔اٴْن کا پتہ لگانے کے لیے سادہ کپڑوں میں اہلکار رات سے سکول میں موجود تھے لیکن جب کمرہ امتحان میں انھیں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تو ٹیکنیکل کالج کے ہیڈ نے کسی دوسرے کی جگہ پرچے دینے کے الزام کو مسترد کیا۔

بنیامین منارمبونا نے بتایا کہ وہ صومالیہ میں تعینات امن فورس کے ایک اہلکار کی جگہ الیکٹراونکس کا پرچہ دے رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ طالب علم یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

ہیڈ استاد نے بتایا کہ امن فورس کے سپاہی نے برونڈی واپس آنے پر انھیں پرچہ دینے کے عوض رقم دینے کا وعدہ کیا ہے۔ برونڈی کی وزیر تعلیم بھی کمرہ امتحان چھاپہ مارنے والی ٹیم کے ساتھ تھیں۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ 'آپ جو بتا رہے ہیں وہ سچ نہیں ہے۔' انھوں نے کہا کہ 'ہم آپ کی تفتیش کریں گے کیونکہ ہماری اطلاعات کے مطابق آپ نے پہلی مرتبہ یہ نہیں کیا ہے۔' برونڈی میں اہم امتحانات کے دورانِ امتحانی مراکز دوسرے سکولوں میں بنتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کمرہ امتحان میں ہیڈ استاد بنیامین کو کوئی پہچان نہیں سکا۔

متعلقہ عنوان :