(ن) لیگ کیخلاف مبینہ طور پر جانبدارانہ اقدام اٹھانے پر نگران وزیر اعلیٰ حسن عسکری ، وزیر داخلہ شوکت جاوید کو نوٹس جاری

نگران وزیر اعلی پنجاب(ن) لیگ کے کارکنوں کیخلاف انتقامی کارروائیوں میں مصروف عمل رہے ،انتخابی مہم کو بھی متاثر کیا ‘رانا مشہود

ہفتہ 11 اگست 2018 20:34

(ن) لیگ کیخلاف مبینہ طور پر جانبدارانہ اقدام اٹھانے پر نگران وزیر اعلیٰ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2018ء) لاہور کی سیشن عدالت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے خلاف مبینہ طور پرجانبدارانہ اقدامات اٹھانے پر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری اور وزیر داخلہ شوکت جاوید کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لیے دائر درخواست پر سماعت کے بعد نوٹس جاری کردیا۔ایڈیشنل سیشن جج محمد عارف مجاہد نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وزیر تعلیم رانا مشہود احمد کی درخواست پر سماعت کی ۔

رانا مشہود نے درخواست میں کہا کہ نگران وزیر اعلی پنجاب، مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کیخلاف انتقامی کارروائیوں میں مصروف عمل رہے ہیں اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔انہوں نے حسن عسکری پر الزام عائد کیا کہ نگران وزیراعلی پنجاب نے مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کو متاثر کیا ۔

(جاری ہے)

نگران وزیر اعلی پنجاب حسن عسکری اور نگران وزیر داخلہ شوکت سلطان نے 13 جولائی کو نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے استقبال کے لیے ہونے والی ریلی کو منتشر کروایا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ نگراں وزیر اعلی کے خلاف تھانہ شیرا کورٹ میں درخواست دی مگر مقدمہ درج نہیں کیا گیا اس لیے عدالت نگران وزیر اعلی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔عدالت نے نگراں وزیراعلی پنجاب حسن عسکری اور نگران وزیر داخلہ شوکت جاوید سمیت تمام فریقین کو پیش ہونے کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 3ستمبر تک ملتوی کردی۔