جشن آزادی پنجاب نیشنل جونیئر سکواش چمپئن شپ عزیر رشید نے جیت لی

ہفتہ 11 اگست 2018 20:36

جشن آزادی پنجاب نیشنل جونیئر سکواش چمپئن شپ عزیر رشید نے جیت لی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2018ء) جشن آزادی پنجاب نیشنل جونیئر سکواش چیمپئن شپ عزیر رشید نے جیت لی، فائنل میں کے پی کے ذیشان زیب کو شکست، ادھر انڈر 17 کے فائنل میں عزیر شوکت نے میدان مار لیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب سکواش کمپلکس لاہور میں جشن آزادی کے سلسلے میں منعقدہ نیشنل سکواش چمپئن شپ کے فا ئنلز دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی بڑی تعداد کورٹس میں موجود تھی۔

اس موقع پر مہمان خصوصی نگران پنجاب حکومت کے وزیر اربن ڈوپلمنٹ، بلدیات ، اینورامنٹ اور سوشل ویلفیئر سید اللہ بابر، صدر پنجاب سکواش ایسوسی ایشن ڈاکٹر ندیم مختار ، سیکرٹری شیراز سلیم، سینئر نائب صدر طارق فاروق رانا، نائب صدر عمر سلامت، ڈسٹرکٹ لاہور سکواش ایسوسی ایشن کے سیکرٹری رضوان ظہور، کوچزمحمد نعیم، رشید احمد، عاصم امین، سٹاف شعیب مسعود، محمد شاہد اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

انڈر 17 میں کے پی کے عزیر شوکت نے پی اے ایف کے اسد اللہ کو 13/11, 5/11, 11/8, 11/5 سے 35 منٹ میں ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ انڈر 19 میںپنجاب کے عزیر رشید نے کے پی کے ذیشان زیب کو 11/8, 10/12, 11/6 سے 50 منٹ میں ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عزیز رشید کا کہنا تھا کہ جشن آزادی کے موقع پر نیشنل جونیئر چمپئن بننا اعزاز کی بات ہے۔ میں پنجاب سکوائش ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر ندیم مختار اور سیکرتری شیراز سلیم کا خصوصی شکر گزار ہوں جنہوں نے ہمیشہ ہمیں سپورٹ کیا اور پاکستان اور پاکستان سے باہر کھیلنے کے مواقع فراہم کیے۔

مہمان خصوصی صوبائی وزیر محمد سعید بابر نے کہاکہ پنجاب سکواش آکر بہت اچھا لگا، ڈاکٹر ندیم مختار اور شیراز سلیم اچھا کام کر رہے ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سعید اللہ بابر اور ڈاکٹر ندیم مختار نے ایک ایک پودا بھی لگایا۔