صوبائی لیویز کے 170سے زائد اہلکاروں کو گزشتہ کئی مہینوں سے تنخواہیں نہیں ملیں،اے این پی

لیویز فورس صوبے کی قبائلی روایات،رسم و رواج سے آگاہ فورس ہے ، امن وامان کے قیام اور حکومتی رٹ کی بحالی میں لیویز فورس کا اہم کردار ہے

ہفتہ 11 اگست 2018 20:57

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی بیان میں لیویز فورس کے 170سے زائدا ہلکاروں کے تنخواہوں کی بندش پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ عید الاضحی سے پہلے پہلے اہلکاروں کو ان کے بقایہ جات ادا کئے جائیں۔ اے این پی کے صوبائی دفتر باچاخان مرکز سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی لیویز کے 170سے زائد اہلکاروں کو گزشتہ کئی مہینوں سے تنخواہیں نہیں ملیں لیویز فورس صوبے کی قبائلی روایات،رسم و رواج سے آگاہ فورس ہے صوبے میں امن وامان کے قیام اور حکومتی رٹ کی بحالی میں لیویز فورس کا اہم کردار ہے مگر افسوس کا مقام ہے کہ فرائض کی ادائیگی کے باوجود ان اہلکاروں کی تنخواہیں بلا وجہ بند کی گئی ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے مہنگائی کے اس دور میں ملازم پیشہ طبقے کے تنخواہوں کی بندش کا مقصد ان کے چولہے بجھانے کے سوا کچھ بھی نہیںاس طرح کے اقدامات پر پارٹی کبھی بھی خاموش نہیں رہ سکتی ان دنوں عید الاضحی کی آمد آمد ہے حکومت اگر ان اہلکاروں کو اضافی تنخواہ بطور بونس نہیں دے سکتی تو نہ دے مگر ان کی تنخواہوں کی بندش ایک ایسا عمل ہے جس کی اجازت کسی کو نہیں دی جاسکتی لیویز فورس سے وابستہ ان170سے زائداہلکاروں کو تنخواہیں نہ ملنے سے ان کے گھروں کے چولہے بجھنے لگے ہیں ضروری ہے کہ انہیں عید سے پہلے پہلے ادائیگی کی جائے۔

(جاری ہے)

بیان میں متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان اہلکاروں کو عید سے قبل ان کے بقایہ جات ادا کئے جائیں اور مستقبل میں تنخواہوں کی بندش اور ادائیگی میں غیر معمولی تاخیر کے واقعات کا تدارک کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ لیویز فورس کے اہلکاروں میں پائی جانے والی بے چینی کاخاتمہ ممکن ہوسکے۔