پا کستانیت کے فروغ میں اقلیتوں کا مثالی کردار ہے، کمشنر

ہفتہ 11 اگست 2018 21:34

چیچہ وطنی۔11 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2018ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر فرح مسعود نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور پاکستانیت کے فروغ میں اقلیتوں کا مثالی کردار ہے اور یہی وجہ ہے کہ بحیثیت پاکستانی پوری قوم اقلیتوں کا دل سے احترام کرتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں بلدیہ ہال میں اقلیتوں سے یکجہتی کے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میاں محمد زمان وٹو اور سٹی مئیر اسد علی خان بلوچ کے علاوہ بشپ آف ساہیوال ابراہم عظیم ڈینیل اور مسیحی برادری کے خواتین وحضرات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کیلئے اقلیتی برادری نے بھی بہت قربانیاں دیں اور آج بھی پاکستان کے ہر شعبے میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے لوگ اپنی خدمات فراہم کر کے ملکی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسیحی و دیگر غیر مسلم برادری بھی سچے اور محب وطن پاکستانی ہیں اور اس پاک دھرتی پر ان کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا کسی مسلمان کا۔ڈپٹی کمشنر میاں محمد زمان وٹو نے کہا کہ پاکستانی جھنڈے میں موجود سفید رنگ اقلیتوں کے حقوق اور ان کے تحفظ کا غماز ہے جس کی واضح مثال جسٹس اے آر کار نیلس ہیں جنہوں نے بطورچیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان اپنی خدمات سر انجام دیں ۔

انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو بلاتخصیص رنگ و نسل اور مذہب کبھی فراموش نہیں کرتیں اور یہی وجہ ہے کہ پاکستانی قوم 65 اور 71 کی پاک بھارت جنگ کے ہیروایئر کموڈورسیسل چوہدری کو سلام پیش کرتی ہے جن کا تعلق مسیحی برادری سے تھا۔ ڈپٹی کمشنر میاں محمد زمان وٹو نے کہا کہ اقلیتی برادری ملکی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہے اور امن او رجنگ دونوں طرح کے حالات میں کبھی بھی جانی و مالی قربانیوں سے دریغ نہیں کیا ۔ تقریب میں مسیحی بچوں نے مختلف ملی نغمے اور خاکے پیش کیے جن میں اس پاک سرزمین سے محبت کا اظہار کیا گیا جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔