سید یوسف رضا گیلانی اور سید خورشید شاہ کی محمد شہباز شریف سے ملاقات

ہفتہ 11 اگست 2018 22:27

سید یوسف رضا گیلانی اور سید خورشید شاہ کی محمد شہباز شریف سے ملاقات
لاہور۔11 اگست(اے پی پی پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما ء سید یوسف رضا گیلانی اور سید خورشید شاہ نے مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف سے ان کی رہائشگاہ 96ایچ ماڈل ٹائون میں اہم ملاقات کی ۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ، خواجہ سعد رفیق اور رانا تنویر حسین بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوںجماعتوں کے رہنمائوںنے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور وفاق او رپنجاب میں حکومت سازی کے مراحل کے حوالے سے جاری امور بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔

مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا تنویر حسین نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے درمیان کسی قسم کے اختلافات یا ایک دوسرے سے تحفظات نہیں ،اپوزیشن متحد ہے اور تمام جماعتیں ساتھ مل کر چلیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر لائن آف ایکشن طے کی ہیں اورمعاملات کو آگے چلانے کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مختلف گروپس تشکیل دئیے گئے ہیں تاکہ اراکین اسمبلی کی حاضری پوری رکھی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے تحفظات پر کوئی بات نہیں ہوئی ۔ انہوںنے پنجاب میں حکومت سازی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ اس حوالے سے تمام کوششیں کر لی ہیں، سیشن ہونے پر تمام کوششیں کھل کر سامنے آ جائیں گی ۔