ملک کے دیگر حصوں کی طرح بلوچستان میں یوم آزادی شایان شان طور پر منا نے کی تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں‘

صوبائی سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی حافظ عبدالماجد کی زیر صدارت اجلاس میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دی گئی

ہفتہ 11 اگست 2018 23:51

کوئٹہ 11 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2018ء) ملک دیگر حصوں کی طرح بلوچستان میں یوم آزادی شایان شان طور پر منا نے کی تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں ۔ صوبائی سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی حافظ عبدالماجد کی زیر صدارت اجلاس میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی نے اجلاس کے شرکاء کو 14اگست کو یوم آزادی کے موقع پر منعقدہونے والی تقریبات کی تفصیلات بتائیں پروگرام کے مطابق 14 اگست کو صبح 9بجے وزیر اعلیٰ بلوچستان صوبائی اسمبلی کے لان میں پرچم کشائی کریں گے ۔

13اور 14 اگست کواہم سرکاری عمارت پر چراغاں کیا جائے گا یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کیلئے آزاد جموں کشمیر سے ایک سرکاری مہمان کو دعوت دی جائے گی ۔ صبح 8بجکر 58 منٹ پر سائرن بجا یا جائے گا اس موقع پر ٹریفک دو منٹ کیلئے رک جائے گا ۔

(جاری ہے)

محکمہ اطلاعات کی جانب سے یوم آزادی کی تقریبات کے خصوصی حوالے کے ساتھ اسپیشل سپلیمنٹ شائع کیا جائے گا مختلف مقامات پرمشاعرے کا اہتمام کیا جائے گا علاوہ ازیں تصاویر کی نمائش تقریری مقابلوں اور کتابوں کی نمائش کا اہتمام کیا جائے گا ۔

اسکولوں میں تقریبا ت منعقد ہوں گی اس کے علاوہ اسکولوں سے منتخب 50 بچے پرچم کشائی کی تقریب میں قومی ترانہ پیش کریںگے ۔ فٹبال کرکٹ اور دیگر کھیلوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا ۔ 14اگست کو دن کا آغاز وفاقی دار الحکومت میں 31 اور صوبائی دار الحکومت میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوگا ۔یوم آزادی کی تقریبات کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے مختلف محکموں کے ذمہ داریاں طے کردی گئی ہیں ۔

سول ڈیفنس کا محکمہ 8:58 منٹ ( صبح ) سائرن بجانے کا ذمہ دار ہوگا ۔ لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ صوبہ بھر میں اپنے دفاتر کو یوم آزادی پر تقریبات کے انعقاد کیلئے مراسلے لکھے گامیئر اور ڈپٹی میئر کوئٹہ زیادہ سے زیادہ چراغاں کا اہتمام کریں گے ۔ محکمہ اطلاعات یوم آزادی کے موقع پر تمام پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے یوم آزادی اور اس حوالے سے تقریبات کی پروجیکشن کا اہتمام کرے گا ۔

محکمہ ثقافت مختلف مراکز پر یوم آزادی کے حوالے سے مجلس مذاکرہ کا اہتمام کرے گا ۔ کمشنر کوئٹہ ڈویژن دکاندار وں کے درمیان دکانوں ، عمارات کو سجانے کا مقابلہ کرائیں گے ۔ علاوہ ازیں ایڈ منسٹریٹر کوئٹہ کے ذریعے مو ٹر سائیکلوں ، رکشوں اور سائیکلوں کی سجاوٹ کا مقابلہ کرائیں گے ۔ اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے ان میں مناسب نقد رقوم تقسیم کی جائیں گی ۔

کمشنر کوئٹہ سرکاری عمارات پر چراغاں کا اہتمام اور نگرانی بھی کریںگے ۔ سیکنڈری ایجو کیشن ڈیپارٹمنٹ اسکولوں سے پچاس بچوں کی ٹیم کا انتخاب کریں گے جو پرچم کشائی کی تقریب میں قومی ترانہ اور قومی نغمے پیش کریں گے ۔ ڈائریکٹر (ا سکولز ) تقریب میں100 منتخب طالبات کی شرکت یقینی بنائیں گے ۔ضروری سیکیورٹی انتظامات اور پولیس اسکوائد کی فراہمی محکمہ پولیس کی ذمہ داری ہوگی ۔

طلباء و طالبات کو ان کے اسکولوں سے تقریب کی جگہ پر پہنچا نے اور واپس لے جانے کی ذمہ داری محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کی ہوگی۔ محکمہ کھیل بھی یوم آزادی کے حوالے سے کھیل کی سرگرمیوں کا اہتمام کرے گا ۔ تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں فٹ بال اور کرکٹ کے ٹورنامنٹس 10سے 12 اگست 2018 تک منعقد ہوں گے ۔ فٹ بال ، کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے فائنل کوئٹہ میں ہوں گے ۔

علاوہ ازیں لڑکیوں کے لئے بیڈ منٹن اور تھرو بال ٹورنامنٹس ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں منعقد کئے جائیں گے سبی ڈویژن کے کھیلوں کے مقابلے سبی کی بجائے زیارت میں منعقد ہوں گے ۔ تقریبات کی جگہ اور وقت کی تفصیل معلومات سیکیورٹی انتظامات اور پبلسٹی کی غرض سے محکمہ پولیس اور ڈی جی پی آر کو مہیا کئے جائیں گے ۔محکمہ صحت ، پرچم کشائی کی تقریب میں ایمبولنس اور عملے کی موجودگی کو یقینی بنائے گا ۔

محکمہ صحت یوم آزادی کے موقع پر کسی بھی ایمرجنسی کا سامنا کرنے کیلئے تمام ڈویژنل ہسپتالوں خاص طور سے کوئٹہ میں ڈاکٹروں اور عملے کی موجودگی کو یقینی بنائے گا۔ محکمہ خزانہ یوم آزادی کے حوالے سے ضرورت کے مطابق تمام محکموں کو فنڈز قبل از وقت جاری کرے گا ۔ محکمہ مواصلات و تعمیرات صوبہ بھرمیں تمام دیواروں ، پولوں ، درختوں کو یوم آزادی کی مناسبت سے رنگ کرنے کا پابند ہوگا۔