Live Updates

لاہور،حالیہ الیکشن نے قوم کو سخت امتحان میںڈال دیاہے،سینیٹر سراج الحق

قومی یکجہتی کو برقرار رکھنے کے لیے سب اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کرنا ہوگا، پاکستان کو کرپشن فری اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے،امیر جماعت اسلامی

اتوار 12 اگست 2018 00:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے منصورہ میں جاری جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شورٰی کے دو روزہ اجلاس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ حالیہ الیکشن نے قوم کو سخت امتحان میںڈال دیاہے ۔ قومی یکجہتی کو برقرار رکھنے کے لیے سب اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کرنا ہوگا ۔

جماعت اسلامی کرپشن کے خاتمہ اور لوٹی گئی قومی دولت کی واپسی کے لیے احتساب کا ایسا نظام چاہتی ہے جس سے کوئی لٹیرا بچ کر نہ جاسکے ۔ ہم پاکستان کو کرپشن فری اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات ملکی تاریخ کے متنازعہ ترین انتخابات تھے ، اپوزیشن مسلسل احتجاج کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انتخابات پر عوام کا اعتماد بری طرح مجروح ہوا ہے اور ہارنے والے تو اپنی ہار پر صبر کر کے بیٹھ گئے ہیں مگر جیتنے والے ابھی تک شرمسار پھر رہے ہیں ۔ الیکشن کمیشن بیس ارب روپے خرچ کرنے کے باوجود بااعتماد اور شفاف الیکشن کرانے میں ناکام رہاہے جس سے الیکشن کمیشن پر عوام کا اعتماد مجروح ہواہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک کو 77 ء جیسی صورتحال سے بچانے کے لیے ہم نے اپوزیشن کو اسمبلیوں میں جانے کی تجویز دی جسے آل پارٹیز کانفرنس میں منظور کرلیا گیا اور اس طرح ملک ایک آئینی بحران سے بچ گیا ۔

انہوںنے کہاکہ ہم پارلیمنٹ کے اندر اور باہر سیاسی اور جمہوری نظام کی بقا اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ جمہوری رویوں کو فروغ دیا اور آمریت خواہ وہ فوجی ہو یا جمہوریت کے لبادے میں لپٹی شخصی آمریت ، ہم نے اس کے خلاف جدوجہد کی ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک بڑی عوامی تحریک کے ذریعے بنا تھا اور عوام کو ہی اس پر حکمرانی کا حق ہے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اب ہم دیکھیں گے کہ پی ٹی آئی عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرتی ہے یاپیپلز پارٹی اور ن لیگ کی طرح اپنے منشور سے بھاگ جاتی ہے ۔ عمران خان نے پاکستان کو مدینہ کی طرز پر اسلامی ریاست بنانے ، نوجوانو ں کو روزگار دینے ، کشمیر کی آزادی اور معیشت کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے چنگل سے نکال کر خود انحصاری اختیار کرنے اور سودی معیشت کے خاتمہ کے جس عزم کا اظہار کیا ہے ، قوم منتظر ہے کہ عمران خان اپنے ان وعدوں کو پورا کریں ۔

انہوںنے کہاکہ ہم اصلاح چاہتے ہیں اگر حکومت ملک کو اسلامی و فلاحی مملکت بنانے کی طرف کوئی قدم اٹھاتی ہے تو ہم حکومت کے اچھے کاموں کی تعریف کرنے میں بخل سے کام نہیں لیں گے ۔اقلیتوں کے عالمی دن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتاہے ۔ اقلیتوں کے حقوق کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں ۔ جماعت اسلامی نے اقلیتوں کے حقوق کے لیے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات