یورپ کیامریکی صدر پر تنقید

اتوار 12 اگست 2018 10:40

برسلز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2018ء) یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ کی مشیر نتھالی توچی نے کہا ہے کہ ٹرمپ مذاکرات کے ذریعے کوئی نیا معاہدہ نہیں کرنا چاہتے بلکہ ایران کو جھکانا چاہتے ہیں۔ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی انچارج فیدریکا موگرینی کی مشیر نتھالی توچی کا کہنا ہے کہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے نے اپنی گیارہ رپورٹوں میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایران نے جامع ایٹمی معاہدے کے مشترکہ ایکشن پلان پر پوری طرح عمل کیا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے جامع ایٹمی معاہدے سے امریکا کے نکلنے کو بین الاقوامی قوانین کے اہم ترین بنیادی اصول یعنی معاہدوں کی پابندی کے اصول کی خلاف ورزی قرار دیا۔نتھالی توچی نے کہا کہ مذاکرات کی کامیابی کے لئے طرفین کے درمیان خلوص نیت کی ضرورت ہوتی ہے۔انھوں نے کہا کہ امریکا نے جامع ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کرکے وہ تھوڑا سا اعتماد بھی ختم کردیا جو بارہ سال میں صبر و تحمل کے ساتھ مذاکرات کے نتیجے میں پیدا ہوا تھا اور اب ٹرمپ نے جو مذاکرات کی پیش کش کی ہے تو اس کا مقصد نیا معاہدہ کرنا نہیں بلکہ ایران کو جھکنے پر مجبور کرنا ہے۔