مقبوضہ کشمیر‘ قابض انتظامیہ نے مسرت عالم کو اپنے چچا کی نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت نہیں دی

اشرف صحرائی کا اسداللہ بٹ کے انتقال پر مسرت عالم اور دیگر لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت ، قابض انتظامیہ کی مذمت

اتوار 12 اگست 2018 12:50

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر میںتحریک حریت جموںو کشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے سینئر حریت رہنما مسرت عالم بٹ کو ان کے چاچا مرحوم اسداللہ بٹ کی نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت نہ دینے پر قابض انتظامیہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض انتظامیہ انتقامی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اسداللہ بٹ کے انتقال پر رنج وغم اور مسرت عالم اور دیگر لواحقین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مسرت عالم گزشتہ 6 سال سے جرم بے گناہی کی پاداش میں جیل میں نظربند ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حریت رہنماکے چچا اسداللہ بٹ جمعہ کے روز انتقال کرگئے تھے اور اُس وقت مسرت عالم عدالتی پیشی کے سلسلے میں جموںخطے کی جیل سے سرینگر لائے گئے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انسانیت اور اخلاق کا تقاضا تھا کہ مسرت عالم بٹ کو اپنے چچا کے جنازے میں شرکت کی اجازت دی جاتی لیکن ایسا کرنے کے بجائے انسانیت سے عاری قابض انتظامیہ نے مسرت عالم کو واپس جموں کی جیل میں منتقل کردیا۔ انہوں نے مسرت عالم اور دیگر لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کے لیے دُعا کی۔ تحریک حریت کے رہنما سید امتیاز حیدر نے مرحوم کے گھر جاکر لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

متعلقہ عنوان :