عراقی وزیراعظم حیدر العبادی کل سے ترکی اور ایران کا دورہ کریں گے

اتوار 12 اگست 2018 14:20

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2018ء) عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی کل (منگل کو)ترکی اور ایران کے دورے پر جائیں گے۔وہ یہ دورہ ایسے وقت میں کررہے ہیں جب امریکا نے ایران کے خلاف نئی اقتصادی پابندیاں عاید کردی ہیں اور ترکی پر بھی اقتصادی دباؤ بڑھا دیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق عراق کے ایک عہدہ دار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وزیراعظم حیدر العبادی منگل کو ترکی جائیں گے اور بدھ کو ایران کے دورے پر جائیں گے۔

(جاری ہے)

وہ ان دونوں ملکوں کی قیادت سے اقتصادی تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔عراقی وزیراعظم کے انقرہ کے دورے سے قبل ترکی اور امریکا کے دو طرفہ تعلقات میں پادری اینڈریو برونسن کو زیر حراست رکھنے کے معاملے پر کشیدگی پیدا ہوچکی ہے اور ٹرمپ انتظامیہ نے ترکی کے خلاف بعض اقتصادی پابندیاں عاید کردی ہیں ۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کو ترکی کی اسٹیل اور ایلومینیم کی مصنوعات پر ٹیرف دٴْگنا کرنے کا اعلان کیا تھا۔نیٹو کے دونوں رکن ممالک کے درمیان کشیدگی کے بعد صرف ایک دن میں ترک کرنسی لیرا کی قدر میں ڈالر کے مقابلے میں 16 فی صد کمی واقع ہوگئی تھی۔