جماعت اسلامی کی بھارت کے یوم آزادی کی آمد پر ظالمانہ کارروائیوں میں تیزی کی شدید مذمت

انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں انسانیت سوز مظالم کو رکوانے کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں

اتوار 12 اگست 2018 14:20

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر میںجماعت اسلامی نے بھارت کے یوم آزادی کی آمد کے ساتھ ہی بھارتی فورسز کی طرف سے گرفتاریوں کا سلسلہ دراز کرنے اور نوجوانوں کو تھانوں اور انٹروگیشن سنٹروں پر بلاکر نظر بند کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جماعت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی فوج اور پولیس کی ٹاسک فورس نے ضلع کولگام کے علاقے راہ پورہ کھڈونی میں دوران شب بڑے پیمانے پر چھاپے مار کر 7بے گناہ نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے جن میں کم سن صہیب اعجاز، وزیر الحق، تجمل محی الدین، زاہد ظہور، دانش یوسف، زاہدفیاض اور سہیل بشیر شامل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ گرفتارنوجوانوں کے اہل خانہ پریشان ہیں اور ان کی سلامتی کے حوالے سے تشویش میں مبتلا ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق گرفتاری کے وقت گرفتار شدگان کو وجوہات سے اور ا ٴْن کے اہل خانہ کو مقام نظر بندی سے آگاہ کرنا لازمی ہے لیکن یہاں اس پر عمل نہیں ہورہا۔ انہوں نے کہا چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ وادی کشمیر با الخصوص جنوبی کشمیر کے طول و عرض میں جاری ہے جس سے عوام الناس کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔

انہوں نے کہاان غیر قانونی اور غیر اخلاقی کارروائیوں سے طالب علم سب سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں جن کا تعلیمی کیرئر برباد ہونے کا اندیشہ ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اسی طرح بھارتی فورسز نے چند روز قبل دوران شب پلوامہ کے علاقے نہامہ کا محاصرہ کرکے کئی نوجوانوں کو بلا جواز تشدد کا نشانہ بنایا اور کئی ایک کے موبائل فون چھینے اور کئی کے موبائل توڑدیے ۔

انہوں نے کہا کہ ادھیڑ عمرکے ایک شخص شبیر احمد وانی کوبھارتی فوج کی50راشٹریہ رائفلزکے اہلکاروں نے اپنے ہی گھر میں100 تھپڑ مارے جس کے نتیجے میں ا ٴْس کے بائیں کان کا پردہ پھٹ گیا اور یہ کان عمر بھر کے لیے ناکارہ ہوگیا۔ ترجمان نے ان ظالمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے تمام سیاسی نظر بندوں کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان انسانیت سوز مظالم کا فوری نوٹس لیں اور ان کو رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔