پی آئی اے کی پرواز درجنوں حاجیوں کو چھوڑ کر سعودی عرب روانہ

پیچھے رہ جانے والے عازمین حج میں خواتین اور ضعیف العمر افراد بھی شامل، جناح حج ٹرمینل پر احتجاج

اتوار 12 اگست 2018 14:30

پی آئی اے کی پرواز درجنوں حاجیوں کو چھوڑ کر سعودی عرب روانہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2018ء) قومی ائر لائن پی آئی اے کی پرواز70حاجیوں کو چھوڑ کر جدہ روانہ ہوگئی۔قومی فضائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی نااہلی کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے اور اس بار پی آئی اے کا جہاز ہی چھوٹا پڑ گیا ہے۔ کراچی کے جناح اٹرنیشنل ائرپورٹ پر پی آئی اے کی خصوصی حج پرواز پی کے 2077 عازمین کو چھوڑ کر سعودی عرب روانہ ہوگئی۔

(جاری ہے)

پیچھے رہ جانے والے تقریبا 70 مسافروں نے جناح حج ٹرمینل پر احتجاج کیا ہے جن میں خواتین اور ضعیف العمر افراد بھی شامل ہیں۔ طیارے میں گنجائش نہ ہونے کی وجہ سے پی آئی اے انتظامیہ نے جہاز میں تمام مسافروں کو نہ بٹھایا۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق واقعہ تیکنیکی وجوہات کی وجہ سے پیش آیا، پرواز 2077 کے مسافروں کو ہوٹل منتقل کردیا گیاہے،ترجمان کے مطابق رہ جانے والوں کو اب رات 10 بجے دوسری پرواز 731 کے ذریعے روانہ کیا جائے گا۔