احتساب عدالتوں میں اربوں روپے بدعنوانی کے 1216 ریفرنسز تاحال فیصلوں کے منتظر

ریفرنسز میں شریف خاندان‘ یوسف رضا گیلانی‘ راجہ پرویز اشرف‘ شرجیل میمن‘ ڈاکٹر عاصم‘ مشتاق رئیسانی ‘ احد چیمہ اور خالد لانگو سمیت ملک کی اہم اور طاقتور شخصیات ملزمان نامزد ‘ لاہور ریجن کی عدالتوں میں 361 ، کراچی ریجن کی عدالتوں میں 268 ریفرنسز زیر سماعت

اتوار 12 اگست 2018 14:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اگست2018ء) ملک کی احتساب عدالتوں میں اربوں روپے کی بدعنوانی کے 1216 ریفرنسز تاحال فیصلوں کے منتظر ہیں‘ ان ریفرنسز میں شریف خاندان‘ یوسف رضا گیلانی‘ راجہ پرویز اشرف‘ شرجیل میمن‘ ڈاکٹر عاصم‘ مشتاق رئیسانی ‘ احد چیمہ اور خالد لانگو سمیت ملک کی اہم اور طاقتور شخصیات ملزمان نامزد ہیں‘ سب سے زیادہ ریفرنس لاہور ریجن کی عدالتوں میں زیر التواء ہیں جن کی تعداد361 ہیں جبکہ کراچی ریجن کی عدالتوں میں 268ریفرنسز زیر سماعت ہیں۔

نیب ذرائع کے مطابق ملک کی مختلف احتساب عدالتوں میں اربوں روپے کی بدعنوانی کے 1216 ریفرنسز زیر سماعت ہیں۔ لاہور ریجن کی عدالتوں میں361ریفرنسز زیر التواء ہیں جن میں احد چیمہ، ڈاکٹر امجد سمیت دیگر ملزمان شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

بلوچستان ریجن میں زیر التوا ریفرنسز کی تعداد 98 ہے خالد لانگو اور مشتاق رئیسانی کے خلاف اربوں روپے کرپشن کا میگا ریفرنس کا تا حال فیصلہ نہ ہوسکا۔

کراچی ریجن کی احتساب عدالتوں میں 268 ریفرنسز زیر سماعت ہیں کراچی ریجن کی عدالت میں شرجیل میمن ڈاکٹر عاصم سمیت صوبائی بیوروکریسی کے اہم افسران کے خلاف ریفرنسز زیر سماعت ہیں۔ راولپنڈی کی عدالتوں میں 193ریفرنسز کے فیصلے باقی ہیں‘ راولپنڈی ریجن کی عدالتوں میں شریف خاندان،یوسف رضا گیلانی راجہ پرویز اشرف اسحاق ڈار اور دیگر کے خلاف کیسز زیر سماعت ہیں۔ خیبر پختون خواہ ریجن میں194 ریفرنسز احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔ ملتان 58 جبکہ سکھر ریجن کی نیب کورٹس میں 44 ریفرنسز کا ٹرائل التوا شکارہے۔عدالتوں میں زیر التوا ریفرنسز کی تعداد میں اضافہ نیب کے لئے گہری تشویش کا باعث ہے قومی احتساب بیورو نے اس سلسلے میں سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔