پونچھ کے لوگوں نے تحریک آزادی کشمیر کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں،سردار مسعود خان

حکومت متاثرین کنٹرول لائن کی ہر ممکن مدد کریگی، بھارتی افواج نے ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے، معیاری تعلیمی سہولیات ، طبی سہولتیں ، زراعت کا استحکام، پن بجلی کی پیداوار پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے،تتہ پانی میں جلسہ عام سے خطاب

اتوار 12 اگست 2018 16:50

�تہ پانی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پونچھ غازیوں اور شہیدوں کی سر زمین ہے یہاں کے لوگوں نے تحریک آزادی کشمیر کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں ۔ بھارت کنٹرول لائن پر آئے روز بلا اشتعال فائرنگ کرتا ہے اور کنٹرول لائن کے اس پار بسنے والے شہریوں کو اپنی گولہ باری کا نشانہ بناتا ہے اور نہتے اور معصوم لوگوں کا جانی و مالی نقصان کرتا ہے۔

لیکن ان لوگوں کے حوصلے بلند ہیں اور یہ لوگ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور بڑی جوانمردی اور بہادری سے دشمن کا مقابلہ کر رہے ہیں ۔صدر نے کہا کہ وہ متاثرین کنٹرول لائن کی ہر ممکن مدد کریں گے ان کے نقصانات کا اژالہ کیا جائے گا۔ آرٹیکل 35-Aکی منسوخی ، جنیوا کنونشن ، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی عدالت انصاف کے فیصلوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

تتہ پانی کے لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔سردار زاہد مغل آپ کے حقوق کی ترجمانی کریں گے۔ان خیالات کا اظہار صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے تتہ پانی کے مقام پر ایک عظیم الشان عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں صدر آزادکشمیر جب ہمراہ صدارتی مشیر سردار زاہد عزیز کوٹلی پہنچے تو رحمان پل پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا ۔

بعد ازیں ساورڑ کے مقام بھی صدر کے قافلے کا استقبال کیا گیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ صدر گرامی جب تتہ پانی پہنچے تو ہزاروں لوگوں نے فلک شگاف نعروں میں انہیں خوش آمدید کہا اور سینکڑوں لوگوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیںاور ڈھول کی تھاپ پر فقید المثال استقبال کیا۔چوہدری محمد یاسین گلشن وزیر زکوٰة وعشر آزاد جموں وکشمیر نے جلسہ سے خطاب کیا۔

انہوں نے صدر آزادکشمیر کو تتہ پانی آمد پر خوش آمدید کہا اور سردار زاہد عزیز مغل کو صدارتی مشیربننے پر مبارکباد پیش کی۔ اس جلسہ سے سردار زاہد عزیز مغل صدارتی مشیر،سردار محمد نعیم خان سابق امیدوار اسمبلی، ملک محمد یوسف سابق امیدوار اسمبلی، حافظ ارشد اقبال، سردار پرویز جنال،سردار منظر بشیر ایڈووکیٹ، سردار فیصل شفیع، خواجہ ساجد، سردارامیر خان جنال، شکیل اعوان چیئرمین زکوٰة ضلع پونچھ اور چوہدری وحیدنے بھی خطاب کیا۔

جبکہ سردار جاوید نے سپاسنامہ پیش کیا۔سپاسنامے اور مقررین نے اپنے خطاب میں تتہ پانی کو تحصیل یا سب ڈیژن کا درجہ دینے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ کوٹلی یا پونچھ یونیورسٹی کے سب کیمپس قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔ تتہ پانی میں موجود ہسپتال میں ادویات کا کوٹہ بڑھانے کا مطالبہ کیا اور تعلیمی اداروں میں سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزادکشمیر کا یہ خطہ ہمارے بزرگوں نے بے پناہ قربانیاں دے کر آزاد کروایا۔ لیکن آج مقبوضہ کشمیر کے ہمارے بہن بھائی ہندوستانی جارحیت کا شکار ہیں ۔ ہندوستانی افواج نے وہاں ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔ وہاں خواتین کی عصمت دری کی جاتی ہے ۔ سرچ آپریشن کے بہانے خواتین کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

پیلٹ گن کے استعمال سے نوجوانوں اور بچوں کو بینائی سے محروم کیا جا رہا ہے ۔ حریت قیادت کو پرامن احتجاج کرنے پر پابند سلاسل کیا جاتا ہے ۔ بلاجواز گرفتاریاں کی جا رہی ہیں اور مقبوضہ کشمیر کے سیاسی قیدیوں کو ہندوستان کی بدنام زمانہ جیلوں میں منتقل کیا جا رہا ہے اور اب آرٹیکل 35-Aکی منسوخی کرنے کے بعد ہندوستان مقبوضہ کشمیر کی آبادی کے تناسب میں ردوبدل کرنا چاہتا ہے جو تمام بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

4thجنیوا کنونشن ، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی عدالت انصاف کے فیصلوں کے مطابق بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب میں کوئی تبدیلی نہیں کر سکتا۔ صدر مسعود خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کمشنر برائے انسانی حقوق کی حالیہ رپورٹ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بے نقاب کیا ہے اور سپیشل پاورز ایکٹ ، پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے کالے قوانین کو فوری طور پر منسوخ کرنے کی سفارش کی ہے۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر رادالحسین نے یہ سفارش بھی کی ہے کہ ایک غیر جانبدارانہ کمیشن مقبوضہ کشمیر جا کر وہاں صورت حال کا جائزہ لے لیکن ہندوستان نے ہمیشہ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمیشہ بین الاقوامی اداروں اور تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی دینے سے انکار کیا ۔ صدر مسعود خان نے کہا کہ یو این کی طرف سے جاری اس رپورٹ کے بعد اقوام عالم کو کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور وہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا ہوگا اور خاموش تماشائی بننے کے بجائے ہندوستان پر دبائو ڈالنا چاہیے کہ وہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ایک آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کے ذریعے اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دینا چاہیے۔

صدر مسعود نے کہا کہ ہمیں اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و یکجہتی پیدا کرتے ہوئے دوبارہ بین الاقوامی برادری کے پاس جانا ہو گا چونکہ آج تک بھارت سے دوطرفہ مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا یہ محض وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے ۔ صدر مسعود خان نے کہا کہ ہمیں پاکستان اور آزادکشمیر کے تارکین وطن کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مزید متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔

آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزادکشمیر ترقی کی شاہراہ پر تیزی سے گامزن ہے اور آزادکشمیر کی موجودہ حکومت یہاں روڈ انفراسٹرکچر کو تیزی سے بہتر بنا رہی ہے۔ ٹوررزم کو فروغ دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ معیاری تعلیمی سہولیات ، طبی سہولتیں ، زراعت کا استحکام، پن بجلی کی پیداوار پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

اس موقع پر سردار زاہد عزیز مغل مشیر صدارتی امور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان کو تتہ پانی آمد پر خوش آمدید کہا اور انہیں صدارتی مشیر کی ذمہ داریاں تفویض کرنے پر اپنی اور لوگوں کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سردار مسعود بین الاقوامی قد کاٹھ کی شخصیت ہیں جو پوری دنیا میں زبردست طریقے سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کررہے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ وہ لوگوں کی فلاح وبہبود کے سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے ۔ سردار نعیم خان سابق وزیر حکومت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج آزادکشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی خدمت میں شب و روز مصروف ہے۔ انہوںنے کہا کہ صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان خطہ کشمیر کے سپوت ہیں اور پوری قوم ان پر فخر کرتی ہے۔ سابق امیدوار اسمبلی حلقہ کوٹلی-1ملک محمد یوسف نے خطاب کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر کو تتہ پانی آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ سردار مسعود کشمیری قوم کا فخر ہیں ۔ انہوں نے سردار زاہد عزیز مغل کو صدارتی مشیر بننے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔