Live Updates

پوری دنیا میں کشمیری بھارتی مظالم کیخلاف آوازبلندکریں،بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

اتوار 12 اگست 2018 16:50

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں آباد کشمیر جہاں عمران خان کی جیت کا جشن منا رہے ہیں اسکے ساتھ ساتھ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف بھی آواز بلند کریں کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالی عروج پر ہے اور اسکے ساتھ ساتھ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 35 کے تحت مسلم اکثریتی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور باہر سے ہندئووں کو آباد کرکے مسلم اکثریت کو ہندئوو اکثریت میں تبدیلی کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں اسلام آباد سے لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ پر اپنے استقبال کیلئے آئے ہوئے استقبالی ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جب بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ائیرپورٹ سے باہر آئے تو ان کا ہیتھرو ائیرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا ۔انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے ۔ ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ انہیں گاڑیوں کے ایک جلوس میں مقامی ہوٹل میں لایا گیا ۔

اس موقع پر استقبال کرنے والوں میں چوہدری حکمداد، چوہدری محمد شعبان، چوہدری خوشحال، چوہدری خورشید، چوہدری محفوظ، چوہدری شعیب، پروفیسر محمد حسین، چئیرمین اکرم اور دیگر بھی شامل تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ عمران خان کی کامیابی پر دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے خوش اور مسرت کا اظہار کیا ہے لہذا اب جہاں تارکین وطن عمران خان کی کامیابی کا جشن منارہے ہیں وہاں پر مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم وجبراور بربریت کے خلاف بھی آواز بلند کریں۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی حکومت آرٹیکل 35 کے تحت مقبوضہ کشمیر میں ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جسے کشمیری عوام کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات