جی ڈی اے کے نومنتخب ارکان سندھ اسمبلی کا پیر پگارا کی سربراہی میں اجلاس ، شہریار خان مہر پارلیمانی لیڈر نامزد

پیپلز پارٹی کیلئے میدان خالی نہ چھوڑنے اور سندھ اسمبلی میں مثالی اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کا فیصلہ ہارے نہیں ہیں بلکہ ہمارے مینڈیٹ کو چرایا گیا ہے، سندھ اسمبلی میں عوام کی بھرپور ترجمانی کرینگے، ترجمان سردار عبدالرحیم

اتوار 12 اگست 2018 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2018ء) گرینڈ ڈیمو کریٹس الائنس کے نومنتخب ارکان سندھ اسمبلی کا اتوار کو جی ڈی اے کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیر صبغت اللہ شاہ راشدی المعروف پیر پگارا کی سربراہی میں راجا ہائوس میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پیر صدر الدین شاہ راشدی، سردار علی خان گوہر مہر، عارف مصطفی جتوئی، پیر سید راشد شاہ راشدی، صفدر عباسی، سردار رحیم، ذوالفقار مرزا، حسنین مرزا، عبدالرزاق راہموں، وریام فقیر، علی غلام نظامانی، معظم عباسی، نصرت سحر عباسی اور دیگر بھی موجود تھے۔

جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے اجلاس کے بعد میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں پیر پگارا نے نومنتخب ارکان سندھ اسمبلی کو مبارکباد دی اور ہدایت کی کہ وہ ملک خاص طور پر سندھ کے ایشو پر اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پیر پگارا نے شہریار خان مہر کو متفقہ طور پر جی ڈی اے کا پارلیمانی لیڈر نامزد کردیا ہے۔ سردار رحیم نے بتایا کہ شہریار خان مہر کو جی ڈی اے کا پارلیمانی لیڈر پیر صاحب پاگارا نے نامزد کیا تو تمام ارکان نے اس فیصلے کی بھرپور تائید کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے کے اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ پیپلز پارٹی کے لئے میدان خالی نہیں چھوڑیں گے اور سندھ اسمبلی میں مثالی اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔ جی ڈی اے کے سندھ اسمبلی میں چودہ ارکان ہیں۔ ہم سندھ اسمبلی میں عوام کی بھرپور ترجمانی کرینگے۔ سردار عبدالرحیم نے کہا کہ ہم ہارے نہیں ہیں بلکہ ہمارے مینڈیٹ کو چرایا گیا ہے۔سندھ کے عوام نے جی ڈی اے پر جو اعتماد کیا ہے اس پر پورا اترینگے۔