سابق وزیراعظم نوازشریف کی کل احتساب عدالت میں ممکنہ پیشی

نوازشریف کی پیشی کےباعث سکیورٹی انتظامات سخت،سکیورٹی کیلئےضلعی انتظامیہ کو خط، غیرمتعلقہ افراد کا فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس میں داخلہ بند ہوگا۔اسلام آباد انتظامیہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 12 اگست 2018 20:15

سابق وزیراعظم نوازشریف کی کل احتساب عدالت میں ممکنہ پیشی
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12اگست 2018ء) : پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کل احتساب عدالت میں پیش ہوں گے، نوازشریف کی کل احتساب عدالت میں ممکنہ پیشی کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بھی سکیورٹی انتظامات کیلئے اسلام آباد انتظامہ کو خط ارسال کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جج محمد بشیر کی احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ ن لیگ کے قائد سابق وزیراعظم نواز شریف کے کل احتساب عدالت میں پیشی کے امکانات ہیں۔

نوازشریف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت کیلئے احتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔ نوازشریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے باعث سکیورٹی کے انتطامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انتظامیہ کے مطابق غیر متعلقہ افراد کا فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس میں داخلہ بند ہوگا۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی پیشی کیلئے فول پروف سیکیورٹی مہیا کی جائے۔

نواز شریف کی سیکیورٹی کیلئے اسلام آباد انتظامیہ کو خط ارسال کردیا ہے۔ واضح رہے سابق وزیراعظم نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے دس سال قید، ان کی صاحبزادی مریم نوازکو سات سال قید اور ان کے داماد کیپٹن ر صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ سابق وزیراعظم نوازشریف نے اپنی زیر علاج بیمار اہلیہ بیگم کلثوم نواز کو لندن میں چھوڑ کراپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ 13جولائی کو لندن سے وطن واپس آکر ایئر پورٹ پر ہی سکیورٹی اداروں کو گرفتاری دے دی تھی۔ نیب نے نوازشریف کو گرفتار کرکے انہیں اور ان کی صاحبزادی مریم کواڈیالہ جیل منتقل کردیا تھا۔ نواز شریف کو اڈیالہ جیل میں قید کل بروز سوموار کو ایک مہینہ ہوجائے گا۔