عوام اپنا مینڈیٹ چرانے والوں کو ملک کی تقدیر سے کھلواڑ کی کسی صورت اجازت نہیں دے سکتی، ،رہنما پیپلز پارٹی

اتوار 12 اگست 2018 20:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع حیدرآباد کے صدر صغیر احمد قریشی، جنرل سیکرٹری علی محمد سھتو، اطلاعات سیکریٹری احسان ابڑو نے کہا ھے کہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے متنازعہ دھاندلی زدہ انتخابات کے بعد پوری قوم سمیت پوری دنیا نے دیکھا کہ کس طرح ایک نااھل کرپٹ ترین شخص جہانگیر ترین کے ذریعے آزاد ارکان کی خرید وفروخت کی منڈی لگائی گئی، کس طرح ان ارکان کو بھیڑ بکریوں کی طرح جہاز میں بھر بھر کر پی ٹی آئی میں شمولیت کروائی گئی،کن کی ایماء پر مختلف جماعتوں، جن کے بارے میں پی ٹی آئی چیئرمین کے خیالات و نظریات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں تھے کو پی ٹی آئی کی حمایت پر آمادہ کیا گیا اس سارے شرمناک کھیل میں جو لوگ اور ادارے ملوث تھے ان کے کردار اور سھولت کاری سے پوری قوم آگاہ ھے، اور اب ایک جعلی چوری شدہ مینڈیٹ کے حامل شخص کو وزیر اعظم کے منصب پر فائز کرواکے ملک کے استحکام سالمیت، جمہوریت کی مضبوطی اور تسلسل کو خطرے میں ڈالا جا رھا ھے، ارکان کی مویشی منڈی پر پیپلز پارٹی سمیت پوری اپوزیشن نے سخت احتجاج کیا مگر چھینکنے پر سوموٹو لینے والے خواب خرگوش کے مزے لوٹتے رھے، اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے انتظامی معاملات میں کھلی مداخلت کرتے رھے، مگر یہ غیر آئینی غیر سنجیدہ روش اب مزید چل نہیں سکتی پاکستانی عوام اپنا مینڈیٹ چرانے والوں کو ملک کی تقدیر سے کھلواڑ کی کسی صورت اجازت نہیں دے سکتی، پاکستانی قوم کے ووٹوں سے منتخب ھوکر ایوان میں اپوزیشن کا کردار ادا کرنے والے ملک کے لیڈر جعلی مینڈیٹ کے حامل لوگوں کو کسی صورت کھلی چھوٹ نہیں دیں گے اور انتہائی سخت اور مثبت اپوزیشن کا کردار ادا کرتے ھوئے ملکی اداروں اور نئی حکومت کو مجبور کریں گے کہ نہ صرف انتخابی دھاندلیوں کی آزادانہ تحقیقات ھوں اور ان میں ملوث کسی بھی شخص یا ادارے کو کڑی سزا ملے تاکہ آئیندہ کوئی طالع آزما اس طرح قوم کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر کسی جعلی شخص یا جماعت کو عوام کی قیادت نہ سونپ سکے، پیپلز پارٹی رہنماؤں نے چیف جسٹس، چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا ھے کہ آزاد ارکان کی کھلی خرید فروخت کے خلاف تحقیقات کروا کر ذمیداران کا تعین کیا جائے اور انہیں کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔

(جاری ہے)

اور نااھل شخص جہانگیر ترین کی جانب سے ملک کے قومی معاملات اور کرپشن سے لوٹی ھو ئی دولت سے ارکان کی قیمتیں لگانے کے عمل کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائیں۔