Live Updates

آئی سی سی آئی جشن آزادی تائیکوانڈو چمپئن شپ ، ورلڈ تائیکوانڈو کلب بحریہ ٹائون نے پہلی پوزیشن حاصل کی

نوجوان کھیلوں کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کرنے کی کوشش کریں، سید ظفر علی شاہ چیمبر کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی ترقی کیلئے کوششیں جاری رکھے ،شیخ عامروحید

اتوار 12 اگست 2018 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اگست2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پہلی آئی سی سی آئی جشن آزادی تائیکوانڈو چمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا جس میں نیشنل تائیکوانڈو کلب، اسلام آباد سنی تائیکوانڈو کلب، ورلڈ تائیکوانڈو کلب بحریہ ٹائون فیز 5، ورلڈ تائیکوانڈو کلب بحریہ ٹائون فیز 8 اورتائیکوانڈو کلب ڈی ایچ اے ٹو کی ٹیموں نے شرکت کی۔

کل 130بچوں و بچیوں نے مقابلوں میں حصہ لیا اور تائیکوانڈو کے کھیل میں اپنے جوہر دکھائے۔ ورلڈ تائیکوانڈو کلب بحریہ ٹائون فیز 8نے پہلی پوزیشن جبکہ ورلڈ تائیکوانڈو کلب بحریہ ٹائون فیز 5نے دوسری اور تائیکوانڈو کلب ڈی ایچ اے ٹو نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ انفرادی مقابلوں میں بچوں میں عبدالنور، محمد عمر اور عبدالجامی نے بہترین فائٹر جبکہ بچیوں میں حیا علی اور نور رحمٰن نے بسٹ فائٹر کا اعزاز حاصل کیا۔

(جاری ہے)

شہباز علی تائیکوانڈو چمپئن شپ کے چیف آرگنائزر تھے آئی سی سی آئی جشن آزادی تائیکوانڈو چمپئن شپ کو زاہد رفیق، ملک نجیب، بہادر خان ، آغا احتشام ، فیضان شہزاد، اشعر حفیظ، عثمان سرور علوی اور شبیر میئو نے سپانسر کیا۔سابق سنیٹر اور تحریک انصاف کے رہنما سید ظفر علی شاہ مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے جیتنے والے بچوں و بچیوں کو میڈل پہنائے اور سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید ظفر علی شاہ نے کہا کہ بچے وبچیاں پاکستان کا مستقبل ہیں اور وہ کھیلوں سمیت زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں کارکردگی دکھانے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی نومنتخب قیادت کھیلوں کے فروغ کو خصوصی اہمیت دیتی ہے لہذا نوجوان کھیلوں کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئی سی سی آئی جشن آزادی تائیکوانڈو چمپئن شپ میں حصہ لینے کھلاڑیوں میں سے کئی عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور ملک کا نام روشن کریں گے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بچے تعلیم سمیت کھیلوں میں بھی بھرپور دلچسپی لیں تا کہ پاکستان ایک صحت مند معاشرہ بن کر ابھرے۔چمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ چیمبرکاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ کیلئے بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور اس مقصد کیلئے چیمبر نے ایک قائمہ کمیٹی برائے سپورٹس تشکیل دی ہوئی ہے جومختلف کھیلوں کے فروغ کیلئے سرگرم عمل رہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیمبر آئندہ بھی تائیکوانڈو اور کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا تا کہ نوجوان صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لے کر معاشرے میں تعمیری کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے مہمان خصوصی اور تمام سپانسرز کا شکریہ ادا کیا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، نائب صدر نثار مرزا اور چیمبر کی سپورٹس کمیٹی کے چیئرمین ناصر محمود چوہدری نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ چیمبر آئندہ بھی تائیکوانڈو چمپئن شپ کے انعقاد کو جاری رکھے گا تا کہ نوجوان اس کھیل کے میدان میں اپنے جوہر دکھا سکیں اور پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔

انہوں نے چمپئن شپ میں حصہ لینے والے کلبوں، بچوں و بچیوں اور ان کے والدین کا بھی شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے چمپئن شپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ چمپئن شپ کے اختتام پر کھلاڑیوں کو میڈل اور سرٹیفیکیٹ دیئے گئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات