غیر قانونی بکرامنڈیاں ٹریفک میں خلل کے ساتھ کانگو وائرس کا سبب بھی بن سکتی ہیں ، ریحان ہاشمی

اتوار 12 اگست 2018 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اگست2018ء) چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے غیر قانونی بکرامنڈیوں کے خلاف آپریشن شروع کردیا۔سرِ دست طاہر ولا فیڈرل بی ایریا گلبرگ زون سے آغاز کیا گیا گذشتہ شب طاہر ولاپر قائم غیر قانونی بکرا منڈی کو ختم کیا گیا وہاں سے جانوروں اور دیگر سامان کو ہٹوایا گیااس موقع پر قائمقام ڈپٹی کمشنر (سینٹرل)ا ذوالفقار علی خشک ،متعلقہ یوسی کے چیئرمین ،ڈائریکٹر ایڈمن شمعونہ صدف بھی انکے ہمراہ تھیں۔

اس موقع پر ریحان ہاشمی نے کہا کہ جگہ جگہ گلیوں اور محلوں اور سڑکوں پر قائم کی جانے والی غیر قانونی بکرامنڈیاں ایک جانب تو ٹریفک کی معمول کی روانی میں رکاوٹ کا سبب بنتی ہیں تو دوسری جانب عوام کیلئے آمد ورفت میں پریشانی پیداکررہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے قربانی کے بیمار جانوروں کے حوالے سے کہا کہ بیمار جانور ممکنہ طور پر کانگو وائرس کا سبب بن سکتے ہیں جو انسانوں کے لئے جان لیوا بیماری ہے۔

اس لئے ہر جگہ بکرامنڈی قائم کرنے کے بجائے صرف اٴْن جگہ جانور کھڑے کئے جائیں کہ جہاں قانونی طو رپر بکرامنڈی لگانے کی اجازت مقامی انتظامیہ نے دی ہے۔ انہوں نے بلدیہ وسطی کے تمام زونز میں یوسیز کے چیئرمین کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی صورت میں غیر قانونی بکرامنڈی برداشت نہیں کی جائے گی۔ واضح رہے کہ عیدِ قرباں کے موقع پر مویشی فروخت کرنے والے جگہ جگہ اپنی مرضی سے جانور کھڑے کردیتے ہیں اور گلی محلوں تک کو بکرا منڈی بنادیتے ہیں۔ اس صورتِ حال سے ایک جانب تو عوام کو پریشانی کا سامنا ہے جبکہ دوسری جانب خطرناک بیماری کانگو وائرس کے پھیلنے کے خطرات کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا کیونکہ اس جان لیوا بیماری کا جراثیم مویشیوں سے ہی پھیلتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :