پنجاب اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر66 امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری

چکوال سے تعلق رکھنے والی(ن) لیگ کی مہوش سلطانہ اور پی ٹی آئی کی آسیہ امجد بھی شامل

اتوار 12 اگست 2018 21:40

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اگست2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر66 امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرد یا ہے، اس فہرست میں ضلع چکوال سے تعلق رکھنے والی مہوش سلطانہ مسلم لیگ ن اورآسیہ امجد پی ٹی آئی بھی شامل ہیں۔ جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں کا بھی نوٹیفکیشن جاری کیا ہے اور اس فہرست میں پی ٹی آئی کی فوزیہ بہرام بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس طرح ضلع چکوال میں پارلیمنٹرینز کی تعداد اب دس ہوگئی ہے جبکہ 2013کے انتخابات کے بعد یہ تعداد 9تھی اور تمام 9کا تعلق مسلم لیگ ن سے تھا۔ اب موجودہ دس پارلیمنٹرینز میں سے 5کا تعلق پی ٹی آئی ،دو کا تعلق مسلم لیگ ق جبکہ تین کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے اور اب موجودہ دس پارلیمنٹرینز میں ایم این اے سردار ذوالفقار علی خان دلہہ، ایم پی اے راجہ یاسر سرفراز، ایم پی اے سردار آفتاب اکبر ، فوزیہ بہرام اور آسیہ امجد کا تعلق پی ٹی آئی جبکہ تنویر اسلم سیتھی، مہوش سلطانہ اور جنرل (ر) عبدالقیوم کا تعلق مسلم لیگ ن جبکہ ایم این اے چوہدری پرویز الہٰی اور ایم پی اے حافظ عمار یاسر کا تعلق مسلم لیگ ق سے ہے۔