پاکستان کو مضبوط بنانے کا راستہ صرف اسلامی نظام ہے،چودہ اگست 1947 ء کو پاکستان ایک واضح مقصد اور نصب العین کے لیے بنا تھا ،نظر یہ پا کستان کا مطلب انسانوں پر انسانوں کی خدائی نہیں بلکہ اللہ کا نظام غالب کر نا تھا ،پچھلے ستر سالوں سے مختلف ناموں سے وہی طبقہ مسلط ہے جو ایسٹ انڈیا کمپنی کا تسلسل ہے، امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا تقریب سے خطاب

اتوار 12 اگست 2018 21:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اگست2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پاکستان کو مضبوط بنانے کا راستہ صرف اسلامی نظام ہے،چودہ اگست 1947 ء کو پاکستان ایک واضح مقصد اور نصب العین کے لیے بنا تھا کہ انسانوں پر انسانوں کی خدائی نہ ہو اور اللہ کا نظام غالب ہو،پچھلے ستر سالوں سے مختلف ناموں سے وہی طبقہ مسلط ہے جو ایسٹ انڈیا کمپنی کا تسلسل ہے، ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں ہونے والے جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شورٰی کے دور روزہ اجلاس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پاکستان کے اقتدار پر قابض لوگوں نے پاکستان کو نہ صرف اس کے نظریہ بلکہ جغرافیہ سے بھی محروم کیا ۔

جماعت اسلامی ،پاکستان کے نظریہ اور جغرافیہ ، دونوں کی حفاظت پر یقین رکھتی ہے ۔

(جاری ہے)

ملک و قوم کی حفاظت اور ترقی و خوشحالی کے لیے ہم طویل المعیاد منصوبہ بنائیں گے جس کے لیے نہ صرف جماعت اسلامی بلکہ معاشرے میں موجود مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد ، جو پاکستان کے اسلامی تشخص کے تحفظ پر یقین رکھتے ہوں ، ان سے رابطہ کیا جائے گا ۔ انہوںنے کہاکہ دنیا بھر میں موجود اسلامی تحریکوں اور پاکستان کے نظریہ پر یقین رکھنے والے بہی خواہوں کو ہم دعوت دیں گے کہ وہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قائم ہونے والی اسلامی مملکت کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہمارا ساتھ دیں ۔

انہوں نے کہاکہ نئی نسل ہمارا سرمایہ ہے ان کی صلاحیتوں سے کماحقہ فائدہ اٹھانے کے لیے اور انہیں پاکستان کے حق میں استعمال کرنے کے لیے نوجوانوں کو متحد کریں گے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پاکستان کا مقدر ایک شاندار اسلامی انقلاب ہے ۔ پاکستان کے مسائل کا واحد حل ملک میں نظام مصطفیٰؐ کا نفاذ ہے اور یہ صرف جماعت اسلامی یا دینی قوتوں کا مسئلہ نہیں ، پوری پاکستانی قوم ملک میں شریعت کا نظام چاہتی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ جو لوگ پاکستان کو سیکولر اور لبرل اسٹیٹ بنانے کے خواب دیکھ رہے ہیں ، انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ ہم آئین پاکستان کی اسلامی دفعات اور ختم نبوت کے قانون کی حفاظت کریں گے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اسلام کے لیے بناتھا اور اسلام ہی اس کی سا لمیت اور بقا کا ضامن ہے ۔جو لوگ اسلام اور پاکستان کا رشتہ توڑنا چاہتے ہیں ، وہ در اصل روح کو جسم سے نکالنا چاہتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اسلامیان پاکستان یہ سازش کبھی کامیاب نہ ہونے دیں گے ۔