پشتونوں سمیت ہر مکتبہ فکر کو ملک میں امن وترقی کیلئے ہمارا ساتھ دینا چاہیے،عوامی نیشنل پارٹی

شہداء کے ارمانوں کی تکمیل و پشتونوں کے اجتماعی مسائل کے حل کیلئے پارٹی بھرپور کردار ادا کررہی ہے عوام مذہب اور لسانیتکے لبادے میں ذاتی مفادات کی تکمیل کرنے والوں کا محاسبہ کریں،اصغرخان اچکزئی ودیگر کا خطاب

اتوار 12 اگست 2018 22:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنمائوں نے شہداء بابڑہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشتونوں سمیت ہر مکتبہ فکر کو ملک میں امن وترقی کیلئے ہمارا ساتھ دینا چاہیے ، شہداء کے ارمانوں کی تکمیل اور پشتونوں کے اجتماعی مسائل کے حل کے لئے پارٹی کل کی طرح آج بھی بھرپور کردار ادا کررہی ہے تاہم عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ قوم اور مذہب کے لبادے میں ذاتی مفادات کی تکمیل کرنے والوں کا محاسبہ کریں ، 8اگست کو شہداکی برسی کے موقع پر شاہراہوں کی بندش نے بہت سے لوگوں کے چہرے سے نقاب اتار دیا ہے ان خیالات کااظہارعوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر و صوبائی پارلیمانی لیڈر اصغرخان اچکزئی اچکزئی ، ڈاکٹر صوفی اکبر کاکڑ ،صاحب جان کاکڑ،اسدخان اچکزئی ،مابت کاکا،جاوید کاکڑ،جے یوآئی نظریاتی تحصیل گلستان کے امیر مولوی محمد ہاشم،خان محمد ،حاجی عصمت اللہ کاکڑ ، حاجی عجب گل ، جمیل گلستان ، نصیب اللہ جمالزئی،محب اللہ ، صادق صدا امان اللہ کاسب،، کلیم اللہ ایڈووکیٹ ، حبیب اتل و دیگر نے کلی عبدالرحمان زئی گلستان میں شہدائے بابڑہ کی یاد میں منعقدہ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

جبکہ پارٹی کے صوبائی بیان میں چمن بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قیام امن کو یقینی بنانے اور عوام کو جان و مال کا تحفظ دینے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔کلی عبدالرحمان زئی گلستان میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پارٹی شہداکی وارث جماعت ہے جس نے پشتون حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کے لئے ہمیشہ توانا آواز بلند کی اور مشکل سے مشکل دور میں بھی حق اور سچ کا ساتھ نہیں چھوڑا اس کی پاداش میں پارٹی کارکنوں ، مرکزی قائدین اور دیگر اکابرین کو نہ صرف قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنی پڑیں بلکہ جانوں کی قربانیاں بھی دیں 12اگست1948کو نہتے اور پرامن خدائی خدمت گاروں پر بے دریغ فائرنگ اور ان کا قتل عام ایک ایسا واقعہ ہے جس کی یاد ہمیشہ برقرار رہے گی ہم شہداکے وارث ہیں مگر وہ زور آور جنہوں نے پشتونوں کو دیوار سے لگانے کی کوششیں کیں آج ان کا کوئی نام لیوا باقی نہیں بچا انہوں نے کہا کہ ہماری تاریخ جدوجہد اور قربانیوں سے عبارت ہے ہم نے ہر دور میں حق کا پرچم بلند رکھا آج بھی ہم اپنے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کی حقیقی نمائندگی سوائے عوامی نیشنل پارٹی کے اور کوئی جماعت نہیں کرسکتی انہوں نے 8اگست کو شہداسول ہسپتال کی دوسری برسی کے موقع پر صوبے کی شاہراہیں بند کرنے کے عمل کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس عمل سے بہت سے لوگوں کے چہرے سے نقاب اتر گئے ہیں عوام ان لوگوں کو پہچانیں اور مستقبل میں نہ صرف مذہب بلکہ قوم پرستی کی آڑ میں ذاتی مفادات کی تکمیل کرنے والوں کا بھی کڑا احتساب کریں ۔

پارٹی رہنماںنیتحصیل گلستان کے تمام پارٹی کارکنوں بہی خواہوں اورہمدردوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے 25جولائی کے عام انتخابات میں پی بی 22گلستان سے پارٹی کے نامزد امیدوار ڈاکٹر صوفی اکبر کاکڑ کی کامیابی کے لئے دن رات کام کیا ۔ دریں اثنااے این پی کے صوبائی دفتر باچاخان مرکز سے جاری ہونے والے صوبائی بیان میں مال روڈ چمن پر بم دھماکے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عام لوگ اپنی جان و مال کا تحفظ چاہتے ہیں انہیں جان و مال کا تحفظ دینے کی ضرورت ہے چمن سمیت کوئٹہ اور صوبے کے دیگر علاقوں میں اس سے پہلے بھی اس طرح کے واقعات پیش آتے رہے ہیں جن کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے بے گناہ انسانوں کا قتل بہت بڑا المیہ اور لمحہ فکریہ ہے اس طرح کے واقعات کے تدارک اور روک تھام کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے بیان میں چمن بم دھماکے کے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور اس بات کی ضرورت پر زو ردیا گیا کہ بدامنی اور دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔