ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے ایس ایس سی پارٹ ٹو سائنس گروپ سالانہ امتحانات 2018 کے نتائج کا اعلان کر دیا

اتوار 12 اگست 2018 22:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2018ء) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے (ایس ایس سی) پارٹ ٹو سائنس گروپ سالانہ امتحانات برائے سال 2018 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ نتائج کے مطابق سائنس گروپ کے امتحان میں کراچی پبلک اسکول بلاک6 گلشن اقبال کی فاریہ آصف نے 94.00کے ساتھ پہلی نمایاں پوزیشن حاصل کی،ہیپی پیلس گرامر اسکول بلاک10ایف بی ایریا کی آمنہ اقبال نے 93.76کے ساتھ دوسری جبکہ ناصرہ سیکنڈری اسکول ملیر کیمپس کے محمد جنید احمد نے 93.52کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

تفصیلات کے مطابق ہومیو پیتھک کالج کے آڈیٹوریم میں تقریب کے موقع پرسائنس گروپ، جنرل گروپ اور خصوصی طلبہ کی تینوں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں شیلڈ اور اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔

(جاری ہے)

بورڈ کی جانب سے باقاعدہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سندھ بھر کے تعلیمی بورڈ کے چیئرمینز نے اس موقع پر خصوصی شرکت بھی کی جبکہ چیئرمین میٹرک بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے تقریب کی صدارت کی۔

بعد ازاں سائنس میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں ایک طلبہ اور دوطالبات شامل ہیں۔ سائنس گروپ میں رجسٹرڈ امیدواروں کی تعدادایک لاکھ 59ہزار 55 رہی جن میں سے ایک لاکھ 57 ہزار 45 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے اور 98834امیدواروں کامیاب ہوئے، امتحانات میں کامیابی کا تناسب 63 فیصد رہا، رجسٹرڈ امیدواروں میں87374طلبہ اور71681طالبات شامل ہیں، کامیاب ہونے والوں میں16239 (10.31فیصد) طالب علموں نے اے ون گریڈ ، 26486 (16.8فیصد) نے A گریڈ، 28630 (18.7فیصد) نے Bگریڈ، 21301(13.52فیصد) نے Cگریڈ،5847 (3.71فیصد) نے Dگریڈ اور67(0.04 فیصد) نے Eگریڈ حاصل کیا۔ امتحانی نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.bsek.edu.pk، ایس ایم ایس8583 اور نئی سروس eDMC.pkپر تمام پیپرز کے نمبرحاصل کئے جا سکتے ہیں۔