اپوزیشن بنچوں پربیٹھ کرمنشورپرعمل کریںگے،آصف زرداری

جمہوریت کے دائرے میں رہ کرحالات کا مقابلہ کرنا ہوگا، جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانا ہمارا مشن ہے۔ پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 12 اگست 2018 22:50

اپوزیشن بنچوں پربیٹھ کرمنشورپرعمل کریںگے،آصف زرداری
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 اگست 2018ء) : پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ اپوزیشن بنچوں پربیٹھ کرمنشور پرعمل کریں گے،جمہوریت کے دائرے میں رہ کرحالات کا مقابلہ کریں گے، جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانا ہمارا مشن ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور سابق صدر آصف زرداری کی زیرصدارت پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔

اس موقع پرنومنتخب ارکان سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ ہماری برداشت بڑھے گی اورہم برداشت کے راستے پر چلیں گے۔ جمہوریت کا نقصان ملک کا اور ہمارا نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے دائرے میں رہنا ہے اورحالات کا مقابلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب پنجاب، کے پی اور بلوچستان پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانا ہمارا مشن ہے۔

ہم چاہتے ہیں جنوبی پنجاب ترقی کرے اورعوام کو مشکلات سے نجات ملے۔ آصف زرداری نے کہا کہ اپوزیشن بنچوں پر بیٹھ کر اپنی پارٹی کے منشور پر عمل کریں گے۔ ہم آگے بڑھیں گے اور فتح حاصل کریں گے۔ بعدازاں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹونے کہا کہ ہم اپنے نظریے پر قائم ہیں۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا وعدہ نبھانا ہے اور پاکستان بچانا ہے۔

ہماری جدوجہد ایک دن کی نہیں ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہماری جدوجہد سے ملک کا اورپارٹی کا نام روشن ہوگا۔ پارلیمنٹ میں بیٹھ کراپنے نظریے اورمعاملات کو لیکرچلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے آپ پر فخرہے کہ آپ نے مشکل حالات کا مقابلہ کیا اورکامیاب ہوئے۔ یہ مشکل راستہ ہے مگر ہم اس راستے پر چلیں گے۔ واضح رہے کل اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوگا جس میں نومنتخب ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔