ملی مسلم لیگ پاکستان کی اپیل پرکل ملک بھر میں استحکام پاکستان ریلیوں، جلسوں اورکانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا

سیاسی ، مذہبی وکشمیری قائدین خطاب کریں گے

اتوار 12 اگست 2018 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2018ء) ملی مسلم لیگ پاکستان کی اپیل پرکل 14اگست کو ملک بھر میں استحکام پاکستان ریلیوں، جلسوں اورکانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ لاہور میں ناصر باغ سے اسمبلی ہال چوک تک ریلی نکالی جائے گی۔ ملک کے مختلف شہروں و علاقوں میں ہونے والے پروگراموں میں سیاسی ، مذہبی وکشمیری قائدین خطاب کریں گے۔

ریلیوں اور کانفرنسوں میںطلباء، وکلاء، تاجروںاور سول سوسائٹی سمیت دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے و الے افراد کی بہت بڑی تعداد شریک ہوگی۔ ملی مسلم لیگ پاکستان کے صدر سیف اللہ خالد نے پاکستانی قوم سے یوم آزادی کے موقع پرصوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پورے ملک میں ہونیو الے پروگراموں میںبھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر 14اگست کو لاہور سمیت ملک بھر کے تمام شہروں میں جلسوں، ریلیوںاور کانفرنسوں کے انعقاد کا مقصد لوگوں کو قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد سے آگاہ کرنا اور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے دنیا کو بتانا ہے کہ پوری پاکستانی قوم بھارتی ظلم و بربریت کا شکار اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کئے گئے ملک میں صوبائیت ولسانیت پرستی پروان چڑھانے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ ہمیں ملک کو مضبوط و مستحکم بنانے کیلئے اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنا ہے۔ سیف اللہ خالد نے کہاکہ نظریہ پاکستان اجاگر کرنے کے لیے ملک کے کونے کونے میں جائیں گے۔ دوقومی نظریہ ہی ہماری سیاست کی بنیاد ہے۔ اسی پر لوگوں کی ذہن سازی اور اسلامیان پاکستان کا شعور بیدا ر کریں گے۔

وطن عزیز پاکستان کو درپیش مسائل نظریہ پاکستان پر عمل پیرا ہونے سے ہی حل ہوں گے۔انہوںنے کہاکہ نئی نسل کو قیام پاکستان کے مقاصد سے صحیح طور پر آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ ملک لا الہ الا اللہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا تھا۔ اس ملک کے بنانے میںلاکھوں مسلمانوںنے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ اسکا تحفظ ہم سب پر فرض ہے۔