انگلینڈ نے بھارت کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد اننگز اور 159 رنز سے ہرا دیا، میزبان ٹیم کو پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل، بھارتی ٹیم انگلینڈ کی پہلی اننگز 396 رنز کے جواب میں اپنی دوسری اننگز میں 130 رنز پر ڈھیر، 4 کھلاڑی صفر پر آئوٹ، اینڈرسن اور براڈ کی 4، 4 وکٹیں، ووکس کی 137 رنز کی ناقابل شکست اننگز اور 2 وکٹیں، میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

اتوار 12 اگست 2018 23:10

انگلینڈ نے بھارت کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد اننگز اور ..
لارڈز۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2018ء) انگلینڈ نے بھارت کو دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 159 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی، بھارتی ٹیم چوتھے روز انگلینڈ کی پہلی اننگز 396 رنز کے جواب میں اپنی دوسری اننگز میں 130 رنز پر ڈھیر ہو گئی، پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی بھارت کا کوئی بھی کھلاڑی انگلش بائولرز کے سامنے زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، ایشون 33 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے جبکہ 4 کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، ویرات کوہلی 17 رنز بنا سکے، جیمز اینڈرسن اور سٹورٹ براڈ نے 4، 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، کرس ووکس نے 137 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور 2 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، انہیں عمدہ آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

(جاری ہے)

اتوار کو لارڈز ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلینڈ نے 357 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو ووکس 120 اور ثام کیورن 22 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں کھلاریوں نے محتاط انداز سے دن کا آغاز کیا 396 کے سکور پر جب کیورن آئوٹ ہوئے تو انگلش کپتان نے ساتھ ہی اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کر دیا، کیورن نے 40 رنز بنائے، ووکس 137 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، محمد شامی اور ہرڈک پانڈیا نے 3، 3 اور ایشانت شرما نے ایک وکٹ لی۔

جواب میں بھارتی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 130 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، اسطرح انگلینڈ نے اننگز اور 159 رنز سے کامیابی حاصل کر کے پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی، پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی بھارتی بلے باز انگلش بائولرز کے سامنے بے بس نظر آئے کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا، تیسرے اوور میں بھارت کو مرلی وجے کا نقصان اٹھانا پڑا جو بغیر کوئی رن بنائے اینڈرسن کی گیند کا نشانہ بنے، لوکیش راہول 10 رنز بنانے کے بعد اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، 35 کے سکور پر بھارت کی تیسری وکٹ گری جب اجنکیا راہانے 13 رنز بنا کر سٹورٹ براڈ کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، چیتشور پوجارا 17 رنز بنانے کے بعد براڈ کی گیند پر بولڈ ہوئے، 61 کے سکور پر بھارت کی آخری امید بھی دم توڑ گئی جب کوہلی 17 رنز بنانے کے بعد براڈ کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اگلی ہی گیند پر براڈ نے دنیش کارتھک کو بھی پویلین بھیج دیا، ہرڈک پانڈیا نے ایشون کے ساتھ مل کر مزاحمت کرنے کی کوشش کی تاہم 116 کے سکور پر ووکس نے پانڈیا کو آئوٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، پانڈیا نے 26 رنز بنائے، کلدیپ یادیو اور محمد شامی بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، 130 کے سکور پر بھارت کی آخری وکٹ گری جب ایشانت شرما 2 رنز بنا کر ووکس کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اینڈرسن اور براڈ نے 4،4 اور ووکس نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

متعلقہ عنوان :