اٹامک انرجی کمیشن،8 کروڑ ڈیمزفنڈ میں جمع

سینیرافسران کی3 دن اورجونیئرکی2 دن کی تنخواہ ڈیم فنڈزمیں عطیہ کریں گے۔ترجمان پاکستان اٹامک انرجی کمیشن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 12 اگست 2018 23:19

اٹامک انرجی کمیشن،8 کروڑ ڈیمزفنڈ میں جمع
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 اگست 2018ء) : پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ملازمین نے ڈیم فنڈز میں8 کروڑ روپے جمع کروانے کا اعلان کردیا۔ ترجمان اٹامک انرجی کمیشن کا کہنا ہے کہ سینیرافسران کی 3 دن اورجونیئرکی2 دن کی تنخواہ ڈیم فنڈز میں عطیہ کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس ثاقب نثار نے دیا میر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کیلئے فنڈ قائم کر رکھا ہے۔

ڈیمز فنڈز میں اربوں کی روپے کی رقم جمع ہوچکی ہے۔ ڈیمز فنڈز میں پاک فوج ، پولیس ، سمیت مختلف حکومتی محکموں اورنجی اداروں نے بھی خطیر رقم جمع کروائی ہے۔ اس کے علاوہ مخیرحضرات نے بھی کھلے دل کے ساتھ پیسے جمع کروائے ہیں۔آج پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ملازمین نے بھی ڈیمز فنڈ میں8 کروڑ روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان اٹامک انرجی کمیشن شاہد ریاض خان نے کہا کہ سینیرافسران کی 3 دن اورجونیئرکی2 دن کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں عطیہ کریں گے۔

جس کے تحت تقریباً 8 کروڑروپے ڈیم فنڈ میں جمع کرائے گئے ہیں۔ دوسری جانب آٹھ اگست کودیا مر بھاشااور مہمند ڈیم پر جلد تعمیر اتی کام کے آغاز اور دونوں منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے ڈیمز عملدرآمد کمیٹی نے اپنی سفارشات سپریم کورٹ میں پیش کر دیں۔ سپریم کورٹ نے اِن سفارشات کی توثیق کر دی ہے، جس کے بعد طویل عرصہ سے تعمیراتی کام کے منتظر اِن دونوں منصوبوں پر کام کا جلد آغاز ممکن ہوگیاہے ۔

سپریم کورٹ نے مہمند ڈیم پراجیکٹ کے لئے سابق مہمند ڈیم ایجنسی میں زمین کی جلد از جلد خریداری پر مبنی سفارش کی بھی توثیق کر دی۔ سپریم کورٹ کو پیش کی گئی سفارشات میں اِس بات کو بھی اجاگر کیا گیا کہ پراجیکٹ ایریا میں اعتماد سازی کے
 جامع اقدامات کی بدولت مقامی آبادی کو صحت ، تعلیم اور آمدورفت کی سہولیات میسر آئیں گی اور انہیں ملازمتوں کے مواقع بھی حاصل ہوں گے۔ سپریم کورٹ کے بنچ نے ہدایات جاری کیں کہ تمام متعلقہ وزارتیں اور محکمے مئوثر طریقہ کار وضع کرنے کے لئے
 ضروری اقدامات عمل میں لائیں تاکہ دیا مر بھاشا اور مہمند ڈیمز پر تعمیراتی کام کے جلد آغاز اور پاکستان کے لوگوں کے جینے کے حق کو یقینی بنایا جاسکے۔