Live Updates

قومی اسمبلی کا اجلاس شروع

نومنتخب اراکین حلف اٹھائیں گے

Fahad Shabbir فہد شبیر پیر 13 اگست 2018 10:25

قومی اسمبلی کا اجلاس شروع
اسلام آباد: 15ویں قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس شروع ہوچکا ہے جس میں نومنتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اجلاس کی صدارت کررہے ہیں، اسمبلی کے اجلاس کا آغاز قومی ترانے سے ہوا اور تمام اراکین نے بصد احترام کھڑے ہوکر قومی ترانہ سنا جس کے بعد تلاوت کلام پاک کی گئی۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری، شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، شفقت محمود، شہبازشریف، رانا ثناءاللہ،  نوید قمر اور دیگر اراکین قومی اسمبلی میں موجود ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری پہلی بار قومی اسمبلی میں آئے اور انہوں نے عمران خان کی نشست پر جاکر ان سے ملاقات کی جب کہ دونوں رہنماؤں نے ایک ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔پیپلزپارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری پہلی بار قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف لیں گے جب کہ سابق صدرآصف علی زرداری، سابق وزرائے اعظم راجہ پرویزاشرف، محمدمیاں سومرو، سابق وزرائے اعلیٰ شہباز شریف، پرویز خٹک اور قومی اسمبلی کے دو سابق اسپیکر فہمیدہ مرزا اور فخرم امام بھی حلف اٹھائیں گے۔

(جاری ہے)

خیبرپختون خوا اسمبلی کے اسپیکر اسدقیصر بھی قومی اسمبلی کی رکنیت کاحلف اٹھائیں گے، وہ قومی اسمبلی میں اسپیکر کے امیدوار نامزد ہیں۔قوم پرست رہنما سردار اختر مینگل بھی طویل عرصے بعد قومی اسمبلی کی رکنیت کاحلف اٹھائیں گے جب کہ نواب اکبر بگٹی کے صاحبزادے شاہ زین بگٹی بھی آج قومی اسمبلی کا حصہ بنیں گے۔قومی اسمبلی کا اجلاس نگران وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک کی سفارش پر صدر مملکت نے 13 اگست کو بلانے کی منظوری دی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات