مقبوضہ کشمیر، اشرف صحرائی کی تہاڑ جیل میں نظربند آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت

پیر 13 اگست 2018 13:29

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر میںتحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل کی انتظامیہ کی طرف سے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اوران کی دو ساتھیوںفہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری عزت مآب بیٹیوں کے ساتھ نارواسلوک ہمارے لیے سوہانِ روح ثابت ہورہا ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ تینوں غیور بیٹیوں کو قید تنہائی میں تین الگ الگ سیلوں میںرکھا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ ان کا قصوربھارتی ناجائز قبضے کو تسلیم کرنے سے انکار اوراظہاررائے کے حق کے تحت اپنی آواز عالمی رائے عامہ تک پہنچانے کی کوشش کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ان غیور بیٹیوں کو ذہنی تشدد کا نشانہ بناکران کے عزم وہمت کا امتحان لیا جارہا ہے اور پوری قوم کی غیرت کو للکارا جارہا ہے۔

حریت رہنمانے کہا کہ مذکورہ بیٹیوں کو پالیتھین میں کھانادے کران کی صحت کو مزید خراب کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ آسیہ اندرابی پہلے ہی کئی امراض میں مبتلا ہیں اور تہاڑ جیل میں ان کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے اور انہیں ضروری ادویات سے محروم رکھا جارہا ہے۔ محمد اشرف صحرائی نے تہاڑ جیل میں نظربند شاہد یوسف سے ان کے رشتہ داروںکوملنے کی اجازت نہ دینے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی قیدیوں کے ساتھ بھارت کے ظالمانہ سلوک سے جنیوا کنونشن کے پرخچے اڑ جاتے ہیں جس پر بھارت نے دستخط کررکھے ہیں۔

انہو ںنے کہاکہ تہاڑ جیل میں نظربند ڈاکٹر غلام محمد بٹ، معراج الدین کلوال، الطاف احمد شاہ، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، نعیم احمد خان، شبیر احمد شاہ، شاہد الاسلام، ظہور وٹالی ، محمد اسلم، شاہد یوسف، فاروق احمد ڈار، مظفر احمد ڈار، مشتاق احمد لون، محمد شفیع اور دیگر گزشتہ کئی سال سے جیل انتظامیہ کے ناروا سلوک کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوںنے اقوامِ عالم سے جموں وکشمیر کے سیاسی قیدیوں کی حالت زار کا سنجیدہ نوٹس لینے کی اپیل کی۔

تحریک حریت کے سربراہ نے بھارتی یوم آزادی سے پہلے مقبوضہ علاقے میں بلاجواز چھاپوں اور گرفتاریوں کو بھارتی حکومت کی بوکھلاہٹ قراردیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ آج تک ہمارے جذبہٴ آزادی کو دبایا جاسکا ہے اور نہ مستقبل میں اس کا کوئی امکان ہے۔ انہوںنے کہاکہ حالیہ چھاپوں کے دوران تحریک حریت کے کئی رہنمائوں اور کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں عاشق حسین صوفی، شکیل احمد خان، فیاض احمد، عمر عادل ڈار، اشفا ق احمد خان اور دیگر شامل ہیں۔

دریں اثناء محمد اشرف صحرائی نے گزشتہ سال بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہیدہونے والے محمدیاسین ایتو کوان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید موصوف کی زندگی کا بیشتر حصہ جدوجہدِ آزادی میں گزرا ہے۔ انہوںنے شہید یاسین کے لیے بلندی درجات کی دعا بھی کی۔