دُبئی:رشوت کی پیش کش پر برطانوی شہری کو قید اور جرمانے کی سزا

ملزم نے گرفتار نہ کرنے کے بدلے میں اہلکار کو ڈیڑھ لاکھ درہم کی آفر کی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 13 اگست 2018 12:55

دُبئی:رشوت کی پیش کش پر برطانوی شہری کو قید اور جرمانے کی سزا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اگست 2018ء) دُبئی میں مقیم ایک برطانوی شہری کو دُبئی نارکوٹکس آفیسر کو گرفتار نہ کرنے کے بدلے میں ڈیڑھ لاکھ اماراتی درہم کی رشوت کی پیش کش کے جُرم میں تین ماہ کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔27 سالہ ملزم پر ڈیڑھ لاکھ اماراتی درہم کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ سزا کی مُدت پُوری ہونے کے بعد ملزم کو ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق نومبر 2017ء کے دوران پولیس نے ملزم کے جُمیرہ میں علاقے میں واقع وِلا پر منشیات کی اطلاع پر ریڈ کی تھی۔ ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد گاڑی میں بٹھایا گیا اور نارکوٹکس کے جنرل ڈائریکٹوریٹ لے جایا جا رہا تھا جب راستے میں ستائیس سالہ برطانوی شہری نے انسدادِ منشیات کے محکمے کے اہلکار کو گرفتار نہ کرنے کے بدلے میں بھاری رقم کی آفر کی۔

(جاری ہے)

عدالت میں مذکورہ اہلکار نے بتایا ’’میں کار کی پچھلی سیٹ پر ملزم کے ساتھ بیٹھا تھا جب اس نے مجھے کہا کہ اگر میں اُسے گرفتار نہ کروں تو وہ مجھے بھاری رقم دے گا۔ میں اُس کی بات سُن کر حیران رہ گیا‘ مگر کوئی جواب نہ دِیا۔ اُس نے پھر اپنی پیش کش دُہرائی جسے میں نے دوبارہ نظر انداز کر دیا۔ اس کے بعد اُس کی جانب سے پچاس ہزار اماراتی درہم کی پیش کش کی گئی‘ اس کے بعد وہ خود ہی رشوت کی رقم کی آفر بڑھاتے بڑھاتے ڈیڑھ لاکھ اماراتی درہم تک لے گیا۔

یہاں تک کہ اُس نے مجھے کہا کہ اگر میں گاڑی کسی بینک کے باہر روک دُوں تو وہ مجھے رشوت کی رقم فوری طور پر ادا کر دے گا۔ تاہم اُس کی رشوت کو ٹھُکراتے ہوئے اُسے ڈائریکٹویٹ منتقل کر دیا گیا۔ ملزم نے استغاثہ کی تفتیش کے دوران اپنے جُرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہا کہ اُس نے وِلا پر ریڈ کے دوران گرفتار کیے جانے کے بعدمذکورہ اہلکار کو گرفتار نہ کرنے کے عوض رشوت کی آفر کی تھی۔

کیونکہ پولیس کی تلاشی کے دوران اُس سے ممنوعہ دوائی کرسٹل میتھ برآمد ہوئی تھی۔ اُسے خوف تھا کہ گرفتاری ہونے کی صورت میں اُس کی بدنامی بھی ہو گی اور اُس کا دُبئی میں کاروبار بھی تباہ ہو جائے گا‘ اسی پریشانی کے عالم میں اُس نے اہلکار کو رشوت کی پیش کش کی۔ ملزم کو فیصلے کے خلاف پندرہ دِن کے اندر اپیل کرنے کا حق دِیا گیا ہے۔