Live Updates

حکومت سازی میں ناکام ، اداروں میں ن لیگی ارکان اسمبلی کی سفارشات مسترد ہونے لگیں

سوئی گیس اور دیگر وفاقی اداروں نےارکان اسمبلی کی سفارشوں پر کام کرنا بند کردیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 13 اگست 2018 13:36

حکومت سازی میں ناکام ، اداروں میں ن لیگی ارکان اسمبلی کی سفارشات مسترد ..
گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 اگست 2018ء) : بدلتا ہے رنگ آسمان کیسے کیسے ۔ مرکز اور پنجاب میں حکومت سازی میں ناکام ہونے پر مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی کی سفارشات بھی مسترد ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ اداروں نے ن لیگی ارکان اسمبلی کی سفارشات ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق پنجاب میں مسلم لیگ ن کی بجائے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بننے کے پیش نظرگوجرانوالہ کے سوئی گیس اور دیگر وفاقی اداروں نے ارکان اسمبلی کی سفارشوں پر کام کرنا بند کردیا ہے۔

حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ہی گوجرانوالہ سمیت ڈویژن بھر کی ترقیاتی اسکیموں پر نصب سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے نام کی تختیاں بھی ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے دورِ اقتدار میں منتخب ارکان اسمبلی نے اپنے اپنے حلقوں میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کروائے تھے ، گوجرانوالہ ڈویژن کے 23 ارکان قومی اسمبلی اور 46 ارکان صوبائی اسمبلی نے اربوں روپے کے منصوبے شروع کروائے ، ہر حلقہ سے منتخب رکن قومی اسمبلی نے اپنے اپنے حلقہ میں 300 سے زائد جبکہ رکن صوبائی اسمبلی نے 150 سے زائد منصوبوں پر شہبازشریف اور منتخب ارکان اسمبلی کے ناموں پر مشتمل تختیاں آویزاں کیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق چیف سیکریٹری آفس نے خادم اعلیٰ پنجاب،خادم اعلیٰ روڈز پروگرام، خادم اعلیٰ توانائی پروگرام سمیت سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے نام سے منسوب تمام افتتاحی تختیاں اور سنگ بنیاد کے کُتبے اتارنے کا فیصلہ کرلیا، محکمہ سوئی گیس سمیت دیگر اداروں میں رکن قومی و صوبائی اسمبلیوں کی سفارشوں کو مسترد کیے جانے کا آغاز ہو گیا ہے۔

منتخب ارکان اسمبلی کے کوارڈی نیٹرز اور سیکریٹریوں کا داخلہ بھی بند کردیا گیا ہے۔ سوئی گیس حکام نے گیس کنکشن کی حصول کے لیے سفارشیں کرنے والوں سے منہ پھیرتے ہوئے محکمےکو ہر طرح کی سفارش مسترد کرنے اور سفارش اور کرپشن کے خلاف سخت کارروئی کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔قبل ازیں مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں ارکان اسمبلی اپنا اثر ورسوخ استعمال کرکے اپنے اپنے حلقوں میں سوئی گیس کی فراہمی اور کنکشنز کے اجراء کے لیے سفارشیں کرتے تھے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات