Live Updates

قومی اسمبلی میں حلف برداری کی تقریب :عمران خان نے قومی اسمبلی میں رجسٹریشن کے لیے پارلیمنٹ کے ملازم کی واسکٹ پہن کر تصویر بنوائی

سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے شرجیل میمن اور ایم کیو ایم کے جاوید حنیف کو پروڈیکشن آڈرپرجیل سے لایا گیا‘کے پی کے اور بلوچستان اسمبلی کے اراکین نے بھی حلف اٹھایا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 13 اگست 2018 13:57

قومی اسمبلی میں حلف برداری کی تقریب :عمران خان نے قومی اسمبلی میں رجسٹریشن ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔13 اگست۔2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قومی اسمبلی میں رجسٹریشن کے لیے پارلیمنٹ کے ملازم کی واسکٹ پہن کر تصویر بنوائی‘عمران خان سفید شلوار قمیض زیب تن کیے قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچے جہاں انہوں نے پہلے اپنی رجسٹریشن کرائی۔اس موقع پر رجسٹریشن کے لیے تصویر بنوانے کی باری آئی تو عمران خان نے سفید شلوار قمیض پر قومی اسمبلی کے ملازم سے کالے رنگ کی واسکٹ لے کر پہنی اور تصویر بنوائی۔

قبل ازیں 15 ویں قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں ارکان نے حلف اٹھایا۔اسپیکر ایاز صادق کی سربراہی میں 15ویں قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس جاری ہے، قومی ترانے، تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد اجلاس کی باقاعدہ کارروائی کا آغاز ہوا‘ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا۔

(جاری ہے)

اولین اجلاس میں عمران خان قائد ایوان کے لیے مخصوص نشست کے ساتھ والی نشست پر براجمان ہوئے جبکہ شہباز شریف، احسن اقبال اور رانا تنویر ساتھ ساتھ نشستوں پر بیٹھے اوربلاول بھٹو زرداری نے نفیسہ شاہ کے ساتھ والی نشست سنبھالی ۔

اراکین قومی اسمبلی حروف تہجی کی ترتیب سے رجسٹر پر دستخط کیئے، سب سے پہلے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے رجسٹر پر دستخط کئے، اس موقع پر ایک خاتون رکن نے نعرے بازی کی تو اسپیکر نے انہیں روک دیا۔حلف برداری سے قبل اسپیکر نے نئے اسپیکرو ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا اعلان کیاگیا جس کے مطابق اسپیکر کا انتخاب 15 اگست کو ہوگا اور اسی روز نو منتخب اسپیکر قومی اسمبلی کے ایوان کی کارروائی سنبھال کر ڈپٹی اسپیکر کا الیکشن کروائیں گے، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوگا۔

عام انتخابات کے نتیجے میں پاکستان تحریکِ انصاف قومی اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے اور 342 اراکین کے ایوان میں اس کی نشستوں کی تعداد 158 ہے۔ اس کے بعد مسلم لیگ (ن) کا نمبر ہے جس کی 82 نشستیں ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 54 نشستوں کے ساتھ ایوان میں تیسری بڑی جماعت ہے-پاکستان پیپلز پارٹی کی نو منتخب رکن اسمبلی تنزیلہ شیدی روایتی افریقی لباس پہن کر آئیں۔

واضح رہے کہ تنزیلہ شیدی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ قیام پاکستان کے بعد وہ پہلی سیاہ فام خاتون ہیں جو اسمبلی میں قدم رکھیں گی۔ تنزیلہ کا کہنا ہے کہ وہ اسمبلی میں یہ خواب لیکر داخل ہوں گی کہ آئندہ آنے والی نسلوں کے لیے شیدی لفظ قابل توہین نہیں بلکہ قابل عزت و احترام سمجھا جائے گا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے قومی اسمبلی میں حلف لینے کے بعد حاضری رجسٹر پر دستخط کیے۔

شہباز شریف جب دستخط کے لیے آئے تو لیگی ارکان نے ڈسک بجا کر اور اپنی نشستوں پر کھڑے ہوکر ان کا استقبال کیا۔پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور پارٹی کی جانب سے وزیر اعظم کے عہدے کے لیے نامزد عمران خان نے حلف اٹھانے کے بعد رولز آف ممبرز کے رجسٹر پر دستخط کیئے۔ عمران خان نے5 نشستوں سے انتخابات میں حصہ لیا اور پانچوں سے کامیابی حاصل کی لیکن اسمبلی کے لیے انھوں نے میانوالی کی این اے 95 کو چنا۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے شرجیل انعام میمن اور ایم کیو ایم کے جاوید حنیف نے جیل سے آکر حلف اٹھایا‘دونوں اراکین کو پروڈکشن آرڈر پر جیل سے سندھ اسمبلی لایا گیا۔سندھ اسمبلی کی گیلری میں تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے حامیوں میں نعرہ بازی کا مقابلہ بھی ہوا جبکہ تحریک لبیک کے رکن اسمبلی نے فلور پر کھڑے ہوکر نعرے لگائے۔سندھ اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں 168 میں سے 165 اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے2 نشستوں کے نتائج روک لیے گئے ہیں جبکہ ایک نشست پر امیدوار کی وفات کی وجہ سے انتخاب ہی نہیں ہوا تھا۔

سندھ اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی 97، تحریک انصاف کی 30، ایم کیوایم کی 21، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی 15، تحریک لبیک کی تین جبکہ متحدہ مجلس عمل کی ایک نشست ہے۔ سابق سینیئر صوبائی وزیر نثار کھوڑو اور پیر مظہرالحق مہمان گیلری سے اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی دیکھی۔صوبہ خیبر پختونخواہ میں حزب اختلاف کے ممبران نے جولائی کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاجی طور پر کالی پٹیاں بازو پر باندھی ہوئی تھیں جبکہ بڑی تعداد میں موجود پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان پارٹی کے حق میں نعرے بلند کر رہے تھے۔

بلوچستان اسمبلی میں تقریب حلف بردرای ہوئی۔ بلوچستان اسمبلی کے کل اراکین کی تعداد 65 ہے جن میں سے 51 عام نشستوں میں سے 50، خواتین کی 11مخصوص نشستوں میں سے 10 جبکہ اقلیتوں کی تین مخصوص نشستوں پر انتخاب ہوا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات