Live Updates

جشن آزادی نہ منانے کا بیان،سعید اجمل نے مولانا فضل الرحمان کو کھری کھری سنادیں

ملک کے اگلے ممکنہ وزیر اعظم عمران خان سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں :آف سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 13 اگست 2018 14:03

جشن آزادی نہ منانے کا بیان،سعید اجمل نے مولانا فضل الرحمان کو کھری ..
فیصل آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13اگست 2018 ء) قومی ٹیم کے سٹار آف سپنر سعید اجمل کا کہنا ہے کہ انہیں ملک کے اگلے ممکنہ وزیر اعظم عمران خان سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں ۔ ایک انٹر ویو کے دوران سعید اجمل کا کہنا تھا کہ سابق کپتان کے ملک کا وزیر اعظم بننے سے پاکستان میں بہت سی تبدیلیا ں آئیں گی اور پاکستان ترقی کی جانب گامز ن ہوگا ، عمران خان کو کرکٹ کی سمجھ بوجھ ہے اس لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم بھی بلندیوں کی جانب جائے گی کیوں کہ کرکٹ ہو یا کوئی اور شعبہ اسے سمجھنے والے ہی اسے بلندیوں کی جانب لے کر جاتے ہیں۔

سعید اجمل کا مزید کہنا تھا کہ میں عمران خان کا بہت بڑا فین ہوں تاہم مجھے ان کی تقریب حلف برداری میں مدعو نہیں کیا گیا،انشاءاللہ ان سے مل کرضرور مبارک باد دوں گا ۔

(جاری ہے)

سابق آف سپنر کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو تھوڑا صبر کرنا چاہیئے ، ملک ایک مشکل مرحلے سے گزر رہا ہے اور بہتری میں کچھ وقت لگے گا ۔ متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے جشن آزادی نہ منانے کے بیان کے جواب میں سعیداجمل کا کہنا تھا کہ جو لوگ آزادی کا جشن نہ منانے کی بات کرر ہے ہیں ان کے بیان سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کے سامنے متحدہ اپوزیشن کے احتجاج کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا تھا کہ ہر سال 14 اگست یوم آزادی کے طور پر منایا جاتا ہے لیکن اب کی بار ہم 14 اگست کو یوم آزادی نہیں منا سکتے کیونکہ ہماری رائے کا حق چھین لیا گیا ہے۔مولانا فضل الرحمن کے متنازعہ بیان پر شہباز شریف نے بھی تائید کی تھی۔انہوں نے کہا تھا کہ وہ فضل الرحمن سے متفق ہیں، کیا 14 اگست کے ساتھ شفاف الیکشن کی خوشی منا سکتے ہیں؟ اس کا جواب نفی میں ہے۔مولانا فضل الرحمن اور شہباز شریف کے یوم آزادی نہ منانے کے بیان پر دونوں کے خلاف مقدمے کی درخواست لاہور کی سیشن کورٹ میں دائر کردی گئی ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات