ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 88700 سے تجاوز کر گئی، سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن

پیر 13 اگست 2018 14:51

ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 88700 سے تجاوز کر گئی، سکیورٹیز اینڈ ایکس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2018ء) ملک میں مجموعی طور پر رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 88 ہزار 7 سو سے تجاوز کر گئی۔ سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے جولائی 2018 میں کل ایک ہزار 76 نئی کمپنیاں رجسٹر کی گئی ہیں جو گزشتہ سال کے اس ماہ کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ ہیں۔ ایس ای سی پی کی جانب سے کمپنیوں کی رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کے لئے کی گئی اصلاحات اور رجسٹریشن کی فیسوں میں نمایاں کمی کے باعث رجسٹریشن کے رجحان میں اضافہ ہواہے۔

رجسٹریشن حاصل کرنے والی کمپنیوں میں 8 غیر ملکی کمپنیاں کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں رجسٹر ہوئیں۔سینتالیس نئی کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی گئی۔ ان سرمایہ کاروں کا تعلق آسٹریلیا، چین، جرمنی، جنوبی کوریا، نیدرلینڈز، ناروے، سنگاپور، سپین، تھائی لینڈ، ترکی اور برطانیہ سے ہے۔

(جاری ہے)

ایس ای سی پی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق 73فیصد کمپنیاں پرائیویٹ لمیٹڈ ہیں جبکہ 24فیصد سنگل ممبر اور 3فیصد کمپنیوں میں پبلک ان لسٹڈ، غیر منافع بخش،غیر ملکی اور لمیٹڈ لائیبلٹی پارٹنرشپ شامل ہیں۔

سب سے زیادہ کمپنیاں تجار ت کے شعبے میں رجسٹر ہوئیں ان کی تعدا د 197 ہے۔تعمیرات میں 135،خدمات میں 126، آئی ٹی 111، سیاحت میں 46، رئیل اسٹیٹ میں 35، تعلیم، مارکیٹنگ اور ڈویلپمنٹ شعبوں میں سے تینتیس تینتیس، انجنیئر نگ میں 32، کارپوریٹ ایگری کلچر فارمنگ میں31،خوراک و مشروبات میں 25کمپنیا ں رجسٹر ہوئیں۔ براڈکاسٹنگ اور ٹیلی کاسٹنگ، ٹیکسٹائل اور ٹرانسپورٹ میں 18، 18، ایندھن و توانائی اور صحت میں 17،17، دواسازی میں 15کمپنیا ں رجسٹر ہوئیں۔

کیبل اور برقی سامان اورپیپر اور بورڈ گیارہ گیارہ جبکہ دیگر شعبوں میں 147 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔ علاوہ ازیں چار سو بتیس کمپنیاں اسلام آباد، 285 لاہور اور 175کراچی میں رجسٹر ہوئیں۔پشاور، گلگت بلتستان، ملتان، فیصل آباد، کوئٹہ اور سکھر میں بالترتیب 68، 49، 33، 21، 8 اور 5کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔