پروٹیز ٹیم کے لئے بری خبر، فاف ڈوپلیسی کی فٹنس مسائل کے باعث زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز میں شرکت مشکوک

پیر 13 اگست 2018 15:08

جوہانسبرگ ۔13 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2018ء) جنوبی افریقن ٹیم کے کپتان اور سٹار بلے باز فاف ڈوپلیسی کی زمبابوے کے خلاف شیڈول ہوم ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز میں شرکت مشکوک ہو گئی، وہ سری لنکا کے خلاف رواں ون ڈے سیریز کے دوران کندھے کی انجری کا شکار ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ آئندہ ماہ زمبابوے کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سیریز کی میزبانی کرے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز 30 ستمبر سے ہو گا۔

ڈوپلیسی نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق وہ بحالی صحت کا عمل پورا کریں گے اسلئے زمبابوے کے خلاف سیریز کھیلنے کے حوالے سے جلد بازی نہیں کریں گے، ورلڈ کپ میں بھی تھوڑا عرصہ رہ گیا ہے اسلئے میری کوشش ہو گی کہ ورلڈ کپ سے قبل سو فیصد فٹ ہو جائوں تاکہ بھرپور طریقے سے ملک کی نمائندگی کر سکوں۔