سپریم کورٹ:جی ڈی اے کےمیرشاہ نوازتاحیات نااہل قرار

سپریم کورٹ نے پی ایس27 سےمنتخب میرشاہ نوازکیخلاف سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا، ہم ایسے لوگوں کوریلیف نہیں دے سکتے۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ ثاقب نثار

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 13 اگست 2018 15:27

سپریم کورٹ:جی ڈی اے کےمیرشاہ نوازتاحیات نااہل قرار
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 اگست 2018ء) : گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے رہنماء میرشاہ نوازبھی تاحیات نااہل رہنماؤں کی لسٹ میں شامل ہوگئے، سپریم کورٹ آف پاکستان نے پی ایس27 سے گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے رہنماء میرشاہ نوازکوتاحیات نااہل قراردے دیا ہے، چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ ہم ایسے لوگوں کوریلیف نہیں دے سکتے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ایس27 سے گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے رہنماء میرشاہ نواز کو سندھ ہائی کورٹ نے نااہل قرار دیا تھا۔

سندھ ہائیکورٹ نے میرشاہ نوازخان کو اثاثے چھپانے پر تاحیات نااہل کیا تھا۔ تاہم میر شاہ نواز نے سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بنچ نے کی۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے شاہ نواز کو تاحیات نااہل قرار دے دیا ہے۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ ہم ایسے لوگوں کوریلیف نہیں دے سکتے۔

دوسری جانب جعلی بنک اکاﺅنٹس سے متعلق کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی تاہم اومنی گروپ کے مالکان عدالتی حکم کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہوئے، عدالت نے پیش نہ ہونے سے متعلق مجید فیملی کی درخواست مسترد کردی۔چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ انور مجید اور دیگر کے پیش ہونے کا رضا کاظم نے یقین دلایا تھا، کیا عدالتی حکم عدولی پر مجید فیملی کو توہین عدالت کا نوٹس دیں؟ وجوہات بتائیں؟انہوں نے استفسار کیا کہ مجید فیملی کو بلائیں کہ وہ عدالت میں پیش ہوں، رات 8 بجے تک بلائیں ہم دوبارہ عدالت لگا دیں گے، آپ کو خدشات ہیں کہ مﺅکل کو گرفتار کیا جائے گا؟ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ اگر سپریم کورٹ کے حکم پر عمل نہیں کرا سکتے تو پھر بتائیں ہم کیا کریں، اومنی گروپ کی اگر جائیدادیں اور بینک اکاﺅنٹس ایف آئی اے نے قرق کی ہیں تو اب ہم بھی قرقی کاحکم دیتے ہیں۔

اومنی گروپ کے وکیل شاہد حامد نے استدعا کی کہ ہمیں وقت دیں تا کہ انور مجید اور دیگر کوعدالت میں بلا سکیں۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ وقت دینے کی استدعا مسترد کرتے ہیں۔شاہد حامد نے عدالت سے مزید استدعا کی کہ ہمیں تین دن کا وقت دیں، بدھ کو مجید فیملی آجائے گی۔