ایبٹ آباد پولیس نے یوم آزادی کی مناسب سے سیاحوں کے ممکنہ رش کی وجہ سے ٹریفک سکیورٹی پلان جاری کر دیا

پیر 13 اگست 2018 15:30

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2018ء) ایبٹ آباد پولیس نے یوم آزادی کی مناسب سے سیاحوں کے ممکنہ رش کی وجہ سے ٹریفک سکیورٹی پلان جاری کر دیا۔ ایبٹ آباد کو تین سیکٹرز میں تقسیم کر کے سیکٹر انچارج تعینات کر دیئے گئے جبکہ شہر کے تمام تھانوں کے ایس ایچ او اور ڈی ایس پیز بھی ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے خود سڑکوں پر موجود رہیں گے۔

یوم آزادی کے حوالہ سے تمام تقاریب کے موقع پر بھی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد عباس مجید مروت نے 14 اگست کو یوم آزادی کے موقع پر سیاحوں کے ممکنہ رش کے پیش نظر سکیورٹی پر ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔ ایبٹ آباد کو تین سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے، مسلم آباد بیریئر سے سوئی گیس آفس جب پل تک سیکٹر نمبر ایک ہو گا جس کے کمانڈر ڈی ایس پی ریاض خان ہوں گے جبکہ ان کے ساتھ ایس آئی پرویز خان، ایس آئی امجد سالار اور ایس آئی نیاز اختر تعینات ہوں گے، جب پل سے قلندر آباد تک سیکٹر نمبر دو کی انچارج ڈی ایس پی شہزادی نوشاد گیلانی ہوں گی، ان کے ساتھ انسپکٹر عبدالرشید، ایس آئی ہارون خان، ایس آئی آصف شہزاد اور ایس آئی خضر خان تعینات ہوں گے۔

(جاری ہے)

مری چوک سے ہرنو تک سیکٹر نمبر تین کے انچارج ڈی ایس پی یاسین جنجوعہ ہوں گے جبکہ ان کے ساتھ انسپکٹر اعظم علی شاہ، انسپکٹر جاوید، ایس آئی خان بہادر اور ایس آئی محبوب تعینات ہوں گے۔ تمام سیکٹر کمانڈرز کو ٹریفک رواں دواں رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ گلیات سمیت کسی بھی جگہ ٹریفک کو بلاک نہیں ہونے دیا جائے گا جس کے لئے ڈی پی او نے خصوصی ہدایات جاری کر دیں جبکہ 14 اگست کے موقع پر منعقدہ تمام تقاریب کو بھی مناسب سیکورٹی دی جائے گی۔