جدہ:خواتین ڈرائیورز کی سہولت کے لیے نئی تراش خراش کے عبایہ متعارف کرا دیئے گئے

جدید ڈیزائن والے عبایہ ڈرائیونگ کے دوران خواتین کے لیے پریشانی کا باعث نہیں بنیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 13 اگست 2018 15:39

جدہ:خواتین ڈرائیورز کی سہولت کے لیے نئی تراش خراش کے عبایہ متعارف کرا ..
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اگست 2018ء) 24 جُون 2018ء کو سعودی مملکت میں خواتین کی ڈرائیونگ پرعائد عشروں پُرانی پابندی اُٹھالی گئی‘ جس کے بعد ہزاروں خواتین سڑکوں پر ڈرائیونگ کرتی نظر آتی ہیں۔ مملکت میں خواتین کی کثیر تعداد روایتی عبایہ پہنتی ہے جو اُن کے لیے سماج کی جانب سے ایک پابندی بھی ہے اور تن ڈھانپنے کا ایک وسیلہ بھی خیال کیا جاتا ہے۔

تاہم ڈرائیونگ کے دوران روایتی نوعیت کا عبایہ اکثر خواتین کے لیے پریشانی کا باعث بنتا ہے‘ اور وہ ڈرائیونگ کے دوران روایتی عبایہ میں خود کو پُرسکون محسوس نہیں کرتیں۔ اسی پریشانی کو بھانپتے ہوئے ایک لباس ساز کمپنی نے ڈرائیونگ میں سہولت کی خاطر خاص قسم کے عبایہ ڈیزائن کیے ہیں جو اس وقت خواتین میں بہت زیادہ مقبول ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ عبایہ جمپ سوٹ سٹائل پر ڈیزائن کیے گئے ہیں۔

ان عبایوں کی خالق اعلیٰ اینڈ حالہ فیشن ہاؤس کی مالکان دو خواتین اعلیٰ الحرازی اور حالہ عجیب ہیں۔ جدید طرز کے عبایہ ان کی جانب سے جُون 2018میں لانچ کیے گئے۔ اس حوالے سے حالہ عجیب نے بات کرتے ہوئے کہا ’’ ہم نے خواتین ڈرائیوز کے لیے آرام دہ اور پریکٹیکل ٹائپ کے عبایہ تیار کیے ہیں۔ کیونکہ خواتین پر سے پابندی اُٹھنے کے بعد اس نوعیت کے عبایہ کی ضرورت اور مانگ یقینی امر تھا‘ جس میں اُن کا بدن بھی ڈھکا رہے اور ڈرائیونگ کے دوران پریشانی کا سامنا بھی نہ کرنا پڑے۔

اس باعث یہ عبایہ کندھوں سے فِٹ رکھا گیا ‘ اس کی تیاری میں ہلکا پھُلکا کپڑا استعمال کیا گیا ہے‘ جس میں پینٹس اور جمپ سُوٹ کا انداز اپنایا گیا ہے۔ اس عبایہ کے استعمال سے اُنہیں بریک پیڈل اور ایکسلریٹر کے استعمال میں کوئی دِقت پیش نہیں آئے گی۔ ہمارے فیشن ہاؤس کی جانب سے تیار کردہ یہ عبایہ دُکانوں پر بھی دستیاب ہیں‘ اس کے علاوہ ہماری فرم کے انسٹاگرام اور سنیپ چیٹ اکاؤنٹس پر 'alaaandhala' کے نام سے بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔ ہماری جانب سے آئندہ چند ماہ کے دوران مزید جِدید قسم کے عبایہ بھی متعارف کرا دیئے جائیں گے۔ ہمارے اس برانڈ کی مقبولیت کے باعث بساطین سنٹر میں بھی ہماری ایک برانچ قائم کی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :