سپریم کورٹ ،ْسندھ کے دو حلقوں سے امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم

پیر 13 اگست 2018 15:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے انتخابی عزرداری سے متعلق کیسز میں دو حلقوں سے امیدواروں کے روکے گئے کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیدیا۔ پیر کو چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے این اے 215 سانگھڑ ون اور پی ایس 21 گھوٹکی کے حلقوں سے متعلق انتخابی عزرداری کیس کی سماعت کی۔

اس دوران عدالت سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے این اے 215 سے پیپلز پارٹ کے امیدوار نوید ڈیرو کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا۔خیال رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے اس حلقے سے ناکام امیدوار خدابخش راجڑ کے اعتراضات پر نوٹیفکیشن روکنے کا حکم دیا تھا ،ْدوسری جانب سپریم کورٹ نے پی ایس 21 گھوٹکی سے بھی کامیاب امیدوار کے حق میں فیصلہ سنا دیا۔

(جاری ہے)

عدالت عظمیٰ نے سندھ ہائیکورٹ کے دوبارہ گنتی کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے کامیاب امیدوار علی نواز مہر کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا کہ وہ پی ایس 21 گھوٹکی سے امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن فوری طور پر جاری کرے ،ْخیال رہے کہ علی نواز مہر کی کامیابی کو متحدہ مجلس عمل ( ایم ایم اے ) کے امیدوار جام سیف اللہ نے چیلنج کیا تھا تاہم ریٹرننگ افسر نے جام سیف اللہ کی دوبارہ گنتی کی درخواست کو مسترد کردیا تھاجس کے بعد معاملہ سندھ ہائیکورٹ میں کیا تھا، جہاں عدالت نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیتے ہوئے علی نواز مہر کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک دیا تھا واضح رہے کہ قومی اسمبلی اور سندھ اسمبلی کے نو منتخب اراکین نے ہونے والے پہلے اجلاس میں حلف اٹھا لیا، تاہم نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے کی وجہ سے یہ دونوں اراکین حلف نہ اٹھا سکے، تاہم یہ لوگ اب آئندہ اجلاس میں حلف اٹھائیں گے۔