انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات میں 18.3فیصد اضافہ

پاکستان نے انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات سے 206.07ملین ڈالر کا زرمبادلہ کمایا

پیر 13 اگست 2018 16:41

انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات میں 18.3فیصد اضافہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2018ء) گزشتہ مالی سال 2017-18کے دوران ملک سے انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات میں 18.3فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ادارہ شماریات پاکستان (پی بی ایس)کے اعداد و شمارکے مطابق جولائی سے لیکر جون 2018تک پاکستان نے انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات سے 206.07ملین ڈالر کا زرمبادلہ کمایا جو مالی سال 2016-17کے مقابلے میں 18.3فیصد زیادہ ہے ۔

مالی سال 2016-17میں پاکستان نے انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات سے 178.19 ملین ڈالر کا زرمبادلہ کمایاتھا۔

(جاری ہے)

اعدادوشمارکے مطابق اس عرصے میں برقی پنکھوں کی برآمدات میں کمی دیکھنے میں آئی اور برآمدات میں 9.84فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ جولائی سے لیکر جون 2018تک پاکستان نے برقی پنکھوں کی برآمدات سے 26.19ملین ڈالر کازرمبادلہ کمایا،مالی سال 2016-17میں پاکستان نے برقی پنکھوں کی برآمدات سے 29.05ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل کیا تھا۔

مالی سال کے دوران ٹرانسپورٹ آلات کی برآمدات میں 7.73 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم برقی مشینری کی برآمدات میں 36.5فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا، مالی سال کے دوران پاکستان نے برقی مشینری کی برآمدات سے 45ملین ڈالر کازرمبادلہ کمایا ،مالی سال 2017-18میں پاکستان نے برقی مشینری کی برآمدات سے 33ملین ڈالر کازرمبادلہ کمایا تھا۔