مراد علی شاہ ،سابق چیف سیکرٹری رضوان میمن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت 5ستمبر تک ملتوی

پیر 13 اگست 2018 16:48

مراد علی شاہ ،سابق چیف سیکرٹری رضوان میمن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2018ء) سندھ ہائی کورٹ نے سندھ میں پولیس افسران کی تقرری و تبادلوں کی کے لیے قانون سازی کرنے سے متعلق سابق وزیراعلیٰ سند ھ سید مراد علی شاہ ،سابق چیف سیکرٹری رضوان میمن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت 5ستمبر تک ملتوی کردی ہے ۔پیر کو سندھ ہائی کورٹ میں سندھ پولیس افسران کی تقرری تبادلوں کی مدت کے لئے قانون سازی کرنے سے متعلق سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اورسابق چیف سیکرٹری رضوان میمن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

عدالت میں درخواست گذار کا کہناتھا کہ سندھ پولیس ٹرانسفر اینڈ پوسٹنگ ایکٹ 2017 میں آئی جی کی سفارشات پر عمل نہیں کیا جارہا ،ایسا نہ کرنا عدالتی حکم کے پیرا 96 کے برخلاف ہے جبکہ عدالت میں بیرسٹر فیصل صدیقی کا کہناتھا کہ نئی حکومت قائم ہوجائے پھر کارروائی آگے بڑھائی جائے ۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شبیر شاہ کا کہناتھا کہ سندھ پولیس کے نئے ایکٹ کا ڈرافٹ تیارکر لیا گیا ہے ۔ڈرافٹ جلد ہی منظوری کیلیے صوبائی کابینہ میں پیش کردیا جائے گا نئے ایکٹ میں پولیس کے تمام رولز کا جائزہ لیا جا رہا ہے جب تک نیا ایکٹ منظور نہ ہوجائے کوئی کارروائی نہ کی جائے عدالت نے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کا موقف سنتے ہوئے درخواست کی مزید سماعت 5ستمبر تک ملتوی کردی ہے ۔