تاجر برادری پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے نئے عزم کے ساتھ اپنا مثبت کردار ادا کرے گی ، وطن کی سربلندی کیلئے اپنی پوری توانائیاں بروئے کار لائی جائے گی، شیخ عامر وحید

پیر 13 اگست 2018 19:00

تاجر برادری پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے نئے عزم کے ساتھ اپنا مثبت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا ہے کہ تاجر برادری پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک نئے عزم کے ساتھ اپنا مثبت کردار ادا کرے گی اور اپنے وطن کی سربلندی کیلئے اپنی پوری توانائیاں بروئے کار لائے گی۔ یہ بات انہوں نے یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

شیخ عامر وحید نے پاکستانی پرچم کی کشائی کی۔ چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، نائب صدر نثار مرزا، چیئرمین فائونڈر گروپ زبیر احمد ملک، چیمبر کے سابق صدور میاں اکرم فرید، طارق صادق، باصر دائود، محمد اعجاز عباسی اور مزمل صابری کے علاوہ احمد مغل اور اجمل بلوچ سمیت تاجر برادری کی ایک بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جشن آزادی منانے کیلئے ایک کیک کاٹا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ عامر وحید نے کہا پاکستان کا71واں جشن آزادی ہمیں یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ بحیثیت قوم ہم اپنے ملک کی ترقی کیلئے ایک مزید جوش و جذبے کے ساتھ بھرپور کوشش کریں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تاجر برادری پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک نئے عزم کے ساتھ اپنا مثبت کردار ادا کرے گی اور اپنے وطن کی سربلندی کیلئے اپنی پوری توانائیاں بروئے کار لائے گی۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان عظیم قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا تھا لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ قوم کا ہر فرد پوری ایماندی و دیانتداری کے ساتھ پاکستان کو مضبوط و مستحکم ملک بنانے کیلئے کوششیں تیز کرے۔ شیخ عامر وحید نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی معیشت کو بڑے چیلنجوں کا سامنا ہے کیونکہ مالی خسارہ بہت زیادہ بڑھ گیا ہے ، ملک قرضوں کے جال میں پھنسا ہوا ہے، برآمدات صلاحیت سے بہت کم ہیں، درآمدات میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر بھی کافی کم ہو گئے ہیں، ان حالات میں تاجر برادری سمیت قوم کے ہر فرد کو معیشت کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے پاکستان کو ایک ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانا ہے تو معیشت کو مضبوط سے مضبوط تر بنانا ہو گا کیونکہ معیشت کی مضبوطی کے بغیر جشن آزادی کے مقاصد ادھورے رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے انتخابات کے بعد ملک میں اس وقت اقتدار کی منتقلی کا عمل جاری ہے ۔ انہوں نے نومنتخب حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نجی شعبہ کی مشاورت سے معیشت کو موجودہ مشکلات سے نکالنے کیلئے نئی پالیسیاں تشکیل دے تا کہ مشترکہ کوششوں سے پاکستان کو مسائل سے نکال کر پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک اور نائب صدر نثار مرزا نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم مقصد کیلئے حاصل کیا گیا تھا کیونکہ علامہ محمد اقبال اور قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا خواب دیکھا تھا لیکن ابھی تک قوم اپنی منزل سے بہت پیچھے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک بے شمار قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور اگر نئی قیادت تاجر برادری کو اعتماد میں لے کر پالیسی سازی کرے اور ملک کو درست سمت پر ڈالے توپاکستان جلد ایک تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشت بن کر سامنے آ سکتا ہے۔

فائونڈر گروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک، میاں اکرم فرید، طارق صادق، باصر دائود، محمد اعجاز عباسی اور مزمل صابری سمیت دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو دنیا کی عظیم قوم بنانے کیلئے تاجر برادری حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سالمیت و بقاء کیلئے دعا کی گئی۔