چوہدری لطیف اکبر کی بلاول بھٹو زرداری کو ممبر قومی اسمبلی کا حلف اٹھانے پر مبارک باد

پیر 13 اگست 2018 22:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر نے پیر کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بحیثیت ممبر قومی اسمبلی حلف اٹھانے پر مبارک باد پیش کی۔ اپنی بالمشافہ ملاقات میں انہوں نے پارٹی چیئرمین کو حالیہ انتخابات میں باوقار اور کامیاب عوامی کمپیئن پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قومی اسمبلی میں بطور ممبر شرکت سے پاکستان کی پارلیمنٹ کے وقار میں اضافہ ہوا ہے اور جمہوری پارلیمانی نظام کو تقویت ملی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کاش آج شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو زندہ ہوتی اور وہ ملک و قوم کی سربلندی سے سرشار اپنے لخت جگر اور کروڑوں عوام کی دلوں کی دھڑکن بلاول بھٹو زرداری کو قومی اسمبلی میں حلف اٹھاتے دیکھتی تو خوشی اور فخر محسوس کرتیں۔

(جاری ہے)

چوہدری لطیف اکبر نے بلاول بھٹو زرداری کو قومی دھارے میں سیاست کی آمد کو ملک کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے انتخابی منشور کے مطابق پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔ اس سے قبل پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر نے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کر کے پیپلز پارٹی کا ایک اور سنگ میل طے کرنے اور نصف سنچری سے زائد ممبران اسمبلی کی قیادت کرتے ہوئے حلف اٹھانے پر مبارک باد پیش کی۔