ْحکمرانوں کی اقتدار کی ہوس نے 70سال سے قوم کو منزل سے دور رکھا ہوا ہے،مولانا عبدالحق ہاشمی

پیر 13 اگست 2018 22:11

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2018ء) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے اقتدار کی ہوس نے 70سال سے قوم کو اس کی منزل سے دور رکھا ہوا ہے ،قوم نے پاکستان کو اس کی حقیقی منزل اسلامی انقلاب سے ہمکنار کرنے کیلئے عظیم جدوجہد کی ہے اور بے مثال قربانیاں دی ہیں ،70ویں یوم آزادی پر قوم کو نئے جذبے اور عزم نو کے ساتھ اس عہد کو زندہ و تابندہ کرنا ہوگا کہ ہم اپنی منزل اسلامی نظام کا نفاذ حاصل کرکے رہیں گے اورحقیقی آزادی کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے نتیجے میں بننے والی حکومتوں اور مارشل لائوں نے عوام کی تبدیلی اور انقلاب کی خواہش کا مذاق اڑایا اور ملک وقوم کو غلامی کے اندھیروں کے حوالے کردیا ۔

(جاری ہے)

پاکستان کے خلاف اغیار کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ملکی مسائل کا حل خود تلاش کیا جائے اور اپنے معاملات میں بیرونی مداخلت برداشت نہ کی جائے انہوں نے کہا کہ ہمارے معاملات میں بیرونی مداخلت ،عوامی منشاء وخواہشات کے خلاف معاہدوں اور امریکی تابعداری نے پہلے دن سے ہماری آزادی کو سلب کررکھا ہے ،حکمرانوں نے اپنے اقتدار کے پیریڈ کو طول دینے کیلئے بیرونی مداخلت کو برداشت کیا ،پاکستان کے غیور عوام نے چار مارشل لائوں کا مقابلہ کیا اور ایوب خان ،یحیی خان ،ضیاء الحق اور پرویزی مارشل لاء کو شکست سے دوچار کرکے ملک میں آئین کی حکمرانی کیلئے بے مثال جدوجہد کی لیکن عوامی جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجے میں برسر اقتدار آنے والے حکمرانوں نے عوام کو ان کی قربانیوں کا صلہ دینے کی بجائے ان کی آزادی و خود مختاری کو آئی ایم ایف،ورلڈ بنک اور امریکہ کے ہاتھ گروی رکھ دیاہے اور ان پرزندگی گزارنے کی تمام سہولتوں کے دروازے بند کردیئے ہیں ،مہنگائی بے ،روز گاری ،غربت اور بجلی و گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ نے ملک میں مستقل ڈیرے جمارکھے ہیں ،حکمران عوام کی پریشانیوں کو کم کرنے کی بجائے ان میں آئے روز اضافہ کررہے ہیں ۔

جماعت اسلامی ملک میںاسلامی نظام کے قیام اور عوام کو ان کے حقوق دلانے کی جدوجہد جاری رکھے گی اور عوام کے شانہ بشانہ چلتے ہوئے ملک کو شاندار اسلامی انقلاب کی منزل پر پہنچا کر دم لے گی۔